Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا سپیکر سے ملاقات کا فیصلہ، اہم عہدے دینے کا مطالبہ

سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 34 اراکین اور شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے 34 ارکان کے استعفے منظور ہونے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تین عہدوں کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
پرویز خٹک اور عامر ڈوگر کو سپیکر سے فوری رابطے اور ملاقات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ ’راجہ پرویز اشرف سے آج ہی رابطہ کیا جائے گا اور دستیابی پر ملاقات بھی کی جائے گی۔‘
پی ٹی آئی رہنماؤں نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سے تین عہدے دینے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا کیونکہ استعفے منظور ہونے کے باوجود بھی پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی بڑی اپوزیشن پارٹی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سپیکر سے قائد حزب اختلاف، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پارلیمانی لیڈر کے عہدے پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے تمام اراکین نے اپریل میں تحریک عدم اعتماد کے موقع پر اسمبلی سے استعفے دیے تھے (فوٹو: سکرین گریب)

خیال رہے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے منگل کو تحریک انصاف کے 34 ارکان کے استعفے منظور کر لیے تھے جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا استعفٰی بھی منظور کیا گیا تھا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا کہ جن ارکان کے استعفے منظور ہوئے ہیں ان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوئے ان میں پرویز خٹک، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور، قاسم سوری، نورالحق قادری سمیت دیگر کے نام شامل ہیں۔
پی ٹی ارکان کے استعفے منظور ہونے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ وہ خالی ہونے والی نشستوں پر پی ٹی آئی ضمنی انتخاب لڑے گی۔

شیئر: