Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کا آؤٹ: ’امام الحق چچا انضمام الحق کے نقش قدم پر‘

بابر اعظم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: سکرین شاٹ)
کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان بابراعظم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کرکٹ فینز نے ان کی وکٹ گرنے کی ذمہ داری امام الحق پر ڈال دی۔
سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور سکرین شاٹ میں واضح ہے کہ امام الحق پہلے رنز لینے کے لیے دوڑتے ہیں لیکن پھر رک کر واپس کریز میں پہنچ جاتے ہیں۔
نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود پاکستانی کپتان بابراعظم دوڑتے ہوئے اس کریز پر پہنچتے ہیں جہاں امام الحق موجود ہوتے ہیں اسی دوران کیوی فیلڈر گیند بولر کی جانب پھینکتے ہیں جو پاکستانی کپتان کو رن آؤٹ کر دیتا ہے۔
ان مناظر پر تبصرہ کرنے والے کرکٹ فینز نے امام الحق پر ’قیمتی وکٹ ضائع کرنے‘ کی ذمہ داری ڈالی تو ان پر تنقید بھی کی۔
رضوان علی نے بابر اعظم کے آؤٹ ہونے سے کچھ لمحے قبل کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ’واضح طور پر امام الحق کی غلطی ہے۔‘

کرکٹ فینز کا غصہ اتنا بڑھا کہ کسی فرد نے امام الحق سے متعلق وکی پیڈیا کا پیج ایڈیٹ کرتے ہوئے اس پر غصہ بھرا تبصرہ لکھ ڈالا۔

حبیب اللہ نے سوال کیا کہ ’امام نے کیوں اور کیسے یہ سوچا کہ بابر سے ان کی وکٹ زیادہ اہم ہے؟‘
صباحت ذکریا نے لکھا کہ ’امام الحق اپنے چچا کے نقش قدم پر چل رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے دوسرے فرد کو آؤٹ کرایا ہے۔‘

انضمام الحق کا ذکر نکلا تو کہا گیا کہ ’ان کے چچا، عظیم انضی خود کو آؤٹ کر لیا کرتے تھے۔‘

یاسر احمد نے موقف اپنایا کہ ’امام کو اب ڈبل سنچری سکور کرنی چاہیے۔‘

کھیل ختم ہونے کے بعد کی گئی گفتگو میں امام الحق کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ ہے، رن آؤٹ تو ہوتے رہتے ہیں۔ پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف میں آؤٹ ہوا آج وہ آؤٹ ہو گئے، ابھی جا کر انہیں منائیں گے۔‘
بابراعظم سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’وہ شاید رنز نہ لینے کے لیے میری نو کی کال سن نہ سکے، وہ بہت زیادہ بھاگتے ہیں جب میں نے دیکھا تو میرے قریب پہنچ چکے تھے۔‘
کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 74 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ رنز بنانے کے اعتبار سے ان کی بہتر کارکردگی نے تنقید کچھ کم تو کی لیکن بابراعظم کے پرستار ان سے خوش دکھائی نہ دیے۔

شیئر: