جیت کی خوشی یا ہار کا دُکھ، باتھ ٹَب کرکٹرز کی پسندیدہ جگہ
کرکٹ سٹارز کی کھیل کے میدان میں سرگرمیاں تو ہمیشہ موضوعِ بحث رہتی ہیں لیکن ان کی نجی زندگی کے معمولات کم ہی سامنے آتے ہیں۔
میگزین ’دا کرکٹ منتھلی‘ نے گیٹی امیجز کی جاری کردہ کرکٹ سٹارز کی دلچسپ تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں فرصت کے لمحات دلچسپ انداز میں گزارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ انگلینڈ کے مایہ ناز بولر فریڈ ٹرومین کی 1964 کی تصویر ہے جب وہ 300 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر بنے۔ فریڈ ٹرومین کو اوول کرکٹ گراؤنڈ کے پویلین میں ایک باتھ ٹب میں خوشی کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فریڈ ٹرومین کے جیسی تفریح کا موقع اب کرکٹرز کو کم کم ہی ملتا ہے۔ یہ سابق برطانوی کرکٹر گرینٹ جونز ہیں جو پلاسٹک کی ایک بڑی بالٹی میں بھرے برفیلے پانی میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔
سابق آسٹریلین کپتان رِکی پونٹنگ کی اس تصویر کا پس منظر دلچسپ ہے۔ یہ 2002 کی بات ہے جب دوسرے شارجہ ٹیسٹ میں رِکی پونٹنگ نے پاکستان کے خلاف 142 ناٹ آؤٹ کی یادگار اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگز کے بعد رِکی پونٹنگ ایک پلاسٹک ٹب میں آئس باتھ لیتے دیکھے گئے۔
کرکٹ کی دنیا میں برف والے باکس ہمیشہ سے رہے ہیں۔ یہ صرف مشروبات کو ٹھنڈا نہیں کرتے بلکہ کھلاڑیوں کے ہاتھ پاؤں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔
یہاں انڈین سٹار بیٹر سچن ٹنڈولکر کی تصویر ہے جو ٹخنے میں انجری کے بعد پاؤں آئس بَکٹ میں ڈالے بیٹھے ہیں۔
اگر آپ کو ہدف کے بالکل قریب پہنچ کر شکست ہو جائے تو دکھ ذرا زیادہ ہوتا ہے۔ ایسے میں غسل کے ذریعے اس صدمے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
یہ 2005 کے دوسرے ایشز ٹیسٹ کا موقع ہے جب آسٹریلیا کو انگلینڈ سے محض 2 رنز سے شکست ہو گئی تھی۔
شکست کے بعد بریٹ لی اور مائیکل کاسپرووِکس سیدھے باتھ ٹب میں جا گُھسے۔
ویسے باتھ ٹب کا ہونا ایک لگژری ہے لیکن ہر کوئی اس کا انتظام نہیں کر سکتا۔ کبھی کبھی آپ کو شاور لینے کے دیگر غیرروایتی طریقوں کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ یہ برطانوی کھلاڑی میتھیو ہوگارڈ ہیں جو ہاتھی کی پشت پر براجمان ہیں اور ہاتھی اپنی سونڈ سے انہیں شاور دے رہا ہے۔
کبھی کبھی آپ غسل لینے کی بجائے غسل دینے والے بھی بن جاتے ہیں۔ یہ انگلینڈ کے بولر کین ہِگز ہیں جو اپنے بچوں کو نہلا رہے ہیں۔