سونے کی قیمت میں ان دنوں جس تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہ ناقابل یقین ہے۔ اس وقت سونے کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔
العربیہ چینل اور عاجل نیوز کے مطابق جازان اور القصیم کی خواتین عید تحائف دینے کے لیے عید سے قبل سونے کی خریداری میں مصروف نظر آئیں۔

بہت سے خاندان اپنی ماؤں، بہنوں، بیگمات اور بیٹیوں کو عید کے دن اسے تحفے کے طور پر دینے کے لیے خریداری کرتے نظر آئے۔
سونے کی جو اشیا سب سے زیادہ خریدی گئیں ان میں چین، بریسلیٹ، لاکٹ اور انگوٹھیاں شامل ہیں۔
جازان کی گولڈ مارکیٹ میں آنے والی ایک فیملی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹیوں اور ماں کے لیے سونے کی یہ چیزیں خرید رہے ہیں۔ سونے کے نرخ اس وقت بہت زیادہ ہوچکے ہیں لیکن عید کے دن سونے کے تحائف ہمارے علاقے کے لوگوں کی ایک دیرینہ سماجی روایت ہے۔

گولڈ مارکیٹ کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ رمضان کے ان آخری دنوں میں مارکیٹ میں خریداروں کی چہل پہل ہے اور خریداری بھی ہورہی ہے۔ عید پر یہاں کے لوگ سونے کی مختلف چیزیں خریدتے ہیں۔
ایک اور گولڈ شاپ کے مینجر نے بتایا کہ زیادہ تر خریدار 21 قیراط کا سونا خریدتے ہیں اس لیے بازار میں اس چیز کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اس لیے 21 قیراط سونے کی تیار کردہ مختلف چیزوں کی ورائٹی سب سے زیادہ رکھی جاتی ہے۔