شاداب خان کا نکاح: ’اگر کوئی سلامی بھیجنا چاہتا ہے تو اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا‘
پیر کے روز ٹوئٹر پر شاداب خان نے اپنے نکاح کی تصدیق کردی۔ (فوٹو: شاداب ٹوئٹر)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان کا نکاح ہوگیا ہے۔
شاداب خان کا نکاح سابق پاکستانی کرکٹر اور کوچ تقلین مشتاق کی صاحبزادی سے ہوا ہے۔
پیر کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاداب خان نے اپنے نکاح کی تصدیق کردی۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے آج میرا نکاح ہوگیا ہے۔ یہ میری زندگی کا بڑا دن ہے اور ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ براہ مہربانی میری، میری اہلیہ اور فیملی کی چوائس کا احترام کریں۔ سب کے لیے دعائیں اور پیار۔‘
ون ڈے اور ٹی20 کے نائب کپتان نے مزید کہا کہ ’میں اپنے مینٹور ثقلین مشتاق بھائی کی فیملی کا حصہ بن رہا ہوں۔ جب میں نے کرکٹ کا آغاز کیا تو میں اپنی فیملی کو اس سے الگ رکھنا چاہتا تھا اور میری فیملی نے بھی یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ عوام کے مرکز نگاہ نہیں بننا چاہتے اور اس سے دُور رہیں گے۔ اسی طرح میری اہلیہ نے بھی یہی فیصلہ کیا ہے، وہ بھی پرائیویٹ رہنا چاہتی ہیں۔ میں سب سے کہوں گا کہ اس کے اور ہماری فیملی کے فیصلے کا خیال رکھیں۔‘۔‘
شاداب خان نے مزاحیہ انداز میں آخر میں یہ بھی لکھا کہ ’ہاں اگر کوئی سلامی بھیجنا چاہتا ہے تو میں اسے اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا۔‘
اسی سلسلے میں ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے شاداب خان کو مبارک باد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ساتھی کھلاڑی حارث رؤف نے لکھا کہ ’مبارک ہو بھائی۔‘
ہمانشو پریک نے ٹویٹ میں کہا کہ ’شادی کے بارے میں سب سے عاجزانہ پوسٹ آج پڑھی ہے۔ مبارک ہو۔‘
ٹویٹی نے بالی وُڈ کے اداکار جونی لیور کی ’کدھر ہے‘ والی میم شیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ ’شادی کی تصاویر کدھر ہیں؟‘
میں ہوں پاکستانی نامی ہینڈل نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ ’آپ کا نکاح یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان میں نہ بجلی تھی، نہ پانی، نہ گیس اور شاداب خان شادی کر رہے تھے۔‘