عدنان صدیقی کی فلم ’مشن مجنوں‘ پر تنقید، ’ہم سُرمہ، ٹوپی نہیں پہنتے‘
عدنان صدیقی کی فلم ’مشن مجنوں‘ پر تنقید، ’ہم سُرمہ، ٹوپی نہیں پہنتے‘
جمعہ 27 جنوری 2023 20:36
عدنان صدیقی کہتے ہیں کہ ’مشن مجنوں میں ایسا بہت کچھ ہے جو کہ بدذائقہ اور حقیقت کے منافی ہے‘ (فائل فوٹو: عدنان صدیقی انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے اداکار سدھارتھ ملہوترا کی حالیہ دنوں میں آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’مشن مجنوں‘ مسلسل انٹرنیٹ ٹرولنگ کا شکار ہے۔
فلم مشن مجنوں ایک ایسے انڈین جاسوس کی کہانی ہے جو پاکستان میں درزی کا رُوپ دھار کر رہتا ہے اور ملک کے ایٹمی منصوبے کو ناکام بنانے کے منصوبے پر کام کرتا ہے۔
فلم کا جب ٹریلر ریلیز ہوا تو اس میں دیکھا گیا کہ پاکستانیوں کو بالی وُڈ کے روایتی طریقے سے ہی فلم میں پیش کیا گیا ہے جس کے بعد سدھارتھ ملہوترا سمیت فلم کو پاکستانی صارفین نے خوب ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔
اسی سلسلے میں پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی فلم کے بارے میں اپنا بیان دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عدنان صدیقی نے فلم کو بدذائقہ اور حقیقت کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی کہانی، پیش کش اور تحقیق کو بھی انتہائی ناقص کہا۔
عدنان صدیقی کہتے ہیں کہ ’مشن مجنوں میں ایسا بہت کچھ ہے جو کہ بدذائقہ اور حقیقت کے منافی ہے۔ یہ بتائیں کہ مزید کتنی غلط نمائندگی ہوگی کہ ہمیں پتا چلے گا کہ غلط نمائندگی ہوئی ہے؟‘
’بالی وُڈ کے پاس اس کا جواب ہے۔ کیا ہوگیا ہے یار، آپ کے پاس اتنا پیسہ ہے، کوئی اچھے ریسرچرز ڈھونڈ لو جو ہم پر تحقیق کر سکیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یا پھر مجھ سے مدد لے لو، نوٹس بناؤ کہ ہم لوگ ٹوپی نہیں پہنتے، سُرمہ نہیں لگاتے اور تعویذ نہیں پہنتے۔ نہ ہم آداب کہتے ہیں اور نہ ہی آداب کہتے وقت جھکتے ہیں۔‘
عدنان صدیقی نے فلم کی کہانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کے ہیرو کی بڑائی مزید نکھر جاتی اگر دوسری جانب وِلن کو بھی مضبوط دکھایا جاتا۔ ایک کمزور وِلن سے ہیرو مزید کمزور ہوگیا۔‘
’خراب کہانی، خراب پیش کش، خراب تحقیق، اگلی مرتبہ ہماری طرف آئیں، ہم اچھے میزبان ہیں۔ ہم آپ کو دکھائیں گے کہ ہم کیسے نظر آتے ہیں، کیسے کپڑے پہنتے ہیں اور رہتے ہیں۔‘
اس سے قبل فلم کیمپینین نامی ایک ایجنسی کو انٹرویو میں سدھارتھ ملہوترا نے پاکستانیوں کو روایتی طریقے سے فلم میں دکھانے پر کہا تھا کہ ’ہم نے سوچ سمجھ کر پوری کوشش کی کہ کہانی میں کوئی ایسی چیز نہ لکھی جائے جو کسی خاص کمیونٹی پر اثرانداز ہو۔‘
خیال رہے کہ مشن مجنوں 20 جنوری کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں سدھارتھ ملہوترا اور رشمیکا مندنا شامل ہیں۔