دہشت گردی کی معاونت کا الزام، برطانوی فوج کا اہلکار گرفتار
لندن پولیس نے ایک بیان میں فوجی اہلکار کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
برطانوی فوج کے ایک حاضر سروس رکن پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لندن میں میٹروپولیٹن پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وسطی انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈینیل عابد خلیف جو برطانوی فوج کے حاضر سروس رکن ہیں جن پر دہشت گردی کے جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیف پر اگست 2021 میں ’دہشت گردی کا ارتکاب کرنے والے یا اس کی تیاری کرنے والے شخص کے لیے کارآمد ثابت ہونے والی معلومات حاصل کرنے کی کوشش‘ کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ’کسی دوسرے کو یہ یقین دلانے کے ارادے سے ایسی چیز رکھنا کہ مذکورہ شے دھماکہ خیز ہے اور پھٹ سکتی ہے۔‘
یہ فردِ جرم 2 جنوری کو ہونے والے ایک واقعے سے متعلق ہے۔
خلیف بدستور زیر حراست ہیں اور اُن کو سنیچر کو لندن کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔