Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان ہر عہد کے عظیم ترین اداکار ہیں: شاہ رخ خان

سلمان خان نے فلم پٹھان میں مختصر کردار ادا کیا ہے (فوٹو: فلم پٹھان)
بالی وڈ کنگ خان شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ وہ اداکار سلمان خان کے مداح ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنیچر کو شاہ رخ خان نے آسک می اینی تھنگ سیشن کے دوران سلمان خان کو ہر عہد کا عظیم اداکار قرار دیا۔
ایک ٹوئٹر صارف نے ان کو فلم پٹھان کے بارے میں ٹویٹ کی کہ ’پٹھان تو ہٹ ہوگئی لیکن آپ سلمان خان کا مقابلہ نہیں کر پائیں گے باکس آفس پر۔‘
اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے ہیش ٹیگ پٹھان کے ساتھ جواب دیا کہ ’سلمان بھائی ہیں۔۔۔ وہ کیا کہتے ہیں آج کل۔۔۔ نوجوان لوگ۔۔۔ ہاں۔۔۔۔ گوٹ۔ (گریٹیسٹ آف آل ٹائم)۔‘
واضح رہے کہ سلمان خان نے فلم پٹھان میں مختصر کردار ادا کیا ہے۔
ایک اور صارف نے ٹویٹ کی کہ ’گیا تھا ٹائیگر کا فین بن کر لیکن آیا پٹھان کا فین بن کر‘ اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ ’ٹائیگر کا تو میں بھی فین ہوں بھائی۔۔۔ بس ان کے ساتھ مجھے بھی دل میں رکھو بس۔‘
ایک اور صارف نے تجویز کیا کہ ٹرین پر سلمان خان کے ساتھ ’چھیا چھیا‘ پر ڈانس بھی کرتے جس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ’بس اتنا کر سکا کر دیا۔۔ اب جان لو گے بچے کی کیا۔‘

جب شاہ رخ سے جان ابراہم کے کردار کے بارے میں بھی پوچھا گیا کہ ’پٹھان کو کیسا لگا جِم سے ٹکرا کر؟‘ تو اس پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’جِم ایک مضبوط آدمی ہیں۔۔۔ بہت مارا اس نے۔۔۔ اُف۔ شکر ہے خدا کا کہ میں بچ گیا۔‘
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ آپ آخری تین دنوں میں کتنا خوش تھے تو شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’ایک باپ جتنا خوش جب وہ اپنے بچے کی تعریف ہوتے دیکھتا ہے۔‘
ایک اور صارف نے پوچھا کہ پٹھان کے بارے میں عوام کی رائے دیکھ کر کیسا لگ رہا ہے؟

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’ناچو گاؤ ہنسو کیا پتا کل ہو نہ ہو۔۔۔ لیکن سب کرو تھوڑا پیار سے۔‘
فلم پٹھان کے ریکارڈ کے بارے میں سوال ہوا کہ آپ کو کیسے لگ رہا ہے تو شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ’ہا ہا لگتا ہے کہ اب گاؤں واپس چلا جاؤں۔‘
یاد رہے کہ فلم پٹھان 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے تین روز کے دوران دنیا بھر میں تقریباً تین ارب 13 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔

شیئر: