Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پٹھان‘ نے باکس آفس پر تباہی مچا دی، پہلے ہی روز ’100 کروڑ‘ کما لیے

بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر تباہی مچا دی ہے۔
پٹھان نے 25 جنوری کو اپنی ریلیز کے پہلے دن انڈیا بھر سے 57 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کیا ہے۔
باکس آفس کے تجزیہ کار ترن آدرش نے اپنی ٹویٹ میں فلم کی کھڑکی توڑ اوپننگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’2023 کا آغاز دھماکے سے ہوا۔‘
’ایک تو چھٹی کا دن بھی نہیں تھا جبکہ فلم ریلیز بھی ہفتے کے درمیانی دن یعنی بدھ کے روز ہوئی لیکن پٹھان تاریخی آغاز کے سفر پر روانہ ہوگئی ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’پٹھان کے پہلے دن کا کاروبار اب تک کسی بھی انڈین فلم کا سب سے زیادہ کاروبار ہے کیونکہ فلم نے ہندی سکریننگ سے 55 کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ تامل اور تیلگو زبان میں سکریننگ سے اسے دو کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔‘
دوسری جانب ترن آدرش کے مطابق ’پٹھان نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن انڈیا سمیت دنیا بھر سے کُل 106 کروڑ انڈین روپے کمائے ہیں۔‘
پٹھان کی ریلیز کے پہلے دن پر 57 کروڑ روپے کی اوپننگ انڈیا میں ہونے والی کسی بھی فلم کی سب سے بڑی اوپننگ ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ کناڈا زبان کی 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کے جی ایف چیپٹر ٹو‘ کے پاس تھا جس نے ریلیز کے پہلے دن 53 کروڑ روپے اپنے نام کیے تھے۔
سنہ 2019 میں یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی ’وار‘ نے بھی اپنی ریلیز کے پہلے دن اونچی اُڑان بھرتے ہوئے اوپننگ ڈے پر 51 کروڑ روپے کمائے تھے۔
صحافی ہمیش منکڈ نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر پیشین گوئی کی ہے کہ ’پٹھان یومِ جمہوریہ کے روز عام تعطیل کے باعث 60 کروڑ روپے کمانے والی پہلی فلم ہوگی۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’بالی وُڈ پہلی مرتبہ پٹھان کے ساتھ ایک دن میں 60 کروڑ کمانے کو تیار ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور اب یومِ جمہوریہ غیر معمولی مجموعہ لانے کو تیار ہے۔‘
پٹھان کے باکس آفس پر دھوم کے ساتھ بالی وُڈ پر چھائے مایوسی کے سائے بھی ہٹتے نظر آرہے ہیں اور بالی وُڈ کے فلم میکرز نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔
معروف فلم میکر کرن جوہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں فلم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’سینچری سے بھی آگے نکل گئی۔‘
’ایک دن میں 100 سے زائد کروڑ۔ عظیم میگا سٹار شاہ رخ خان اور لیجنڈری یش راج فلمز اور آدی (آدتیہ چوپڑا)، سڈ آنند، دپیکا، جان واہ۔ پیار ہمیشہ نفرت کو کچل دیتا ہے، اِس دن کو یاد رکھ لو۔‘
 خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی آخری مرتبہ ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ تھی جو کہ فلاپ ہوگئی تھی۔ اس کے بعد شاہ رخ خان نے 2018 سے 2022 تک کوئی فلم ریلیز نہیں کی۔
پٹھان چار سال کے طویل عرصے بعد ریلیز ہونے والی ان کی پہلی فلم ہے۔
رواں سال شاہ رخ خان کی دو مزید فلمیں بھی ریلیز ہوں گی۔ان کی دوسری فلم ’جوان‘ کے نام سے ہے جس کی ہدایت کاری جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار نے کی ہے۔ یہ فلم 2 جون کو ریلیز کی جائے گا۔
اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز کریں گے۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: