یوم تاسیس پر 22 فروری کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی
سرکاری ملازمین اس سال یوم تاسیس پر چھٹی دو دن کریں گے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکومت نے سال رواں کے دوران یوم تاسیس( فاونڈیشن ڈے) پرعام تعطیل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ سرکاری و پرائیویٹ اور بغیر منافع والے سیکٹرز کے ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری اداروں کے ملازمین اس سال یوم تاسیس پر دو دن چھٹی کریں گے۔
بدھ 22 فروری کو یوم تاسیس کی چھٹی ہوگی۔ سرکاری ملازمین جمعرات کو بھی چھٹی منائیں گے۔
سول سروس قانون کی دفعہ 128کے تحت اگر دو چھٹیوں کے درمیان ایک ورکنگ ڈے آئے تو ایسی صورت میں ورکنگ ڈے بھی چھٹی شمار کیا جاتا ہے۔
اس طرح سعودی عرب کے تمام سرکاری ملازمین چار دن کی مسلسل چھٹی کریں گے۔
شاہ سلمان بن عبد العزیز نے گزشتہ برس شاہی فرمان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پہلی سعودی ریاست کی تاسیس کی یاد میں ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس پر سرکاری تعطیل ہوگی۔
یاد رہے کہ فروری 1727 کو امام محمد بن سعود نے پہلی سعودی ریاست قائم کی تھی۔