Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوم پوچھ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کون واپس لایا: شہباز شریف

پشاور کی پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم پوچھ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کون واپس لایا۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پچھلے 10 سال تک پی ٹی آئی کی حکومت رہی اور اس کو این ایف سی سے 417 ارب روپے دیے گئے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اس کے بعد آپ کہیں کہ سکیورٹی میں کمزوریاں ہیں۔ بندوقیں نہیں ہیں تو اتنی بڑی رقم کہاں گئی؟‘
شہباز شریف نے نام لیے بغیر عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کس نے کہا تھا کہ یہ جہادی ہیں، انہوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور اب ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے۔‘
ان کے بقول ’میں کسی پر الزام نہیں لگا رہا، حقائق بتا رہا ہوں۔‘
ان کے مطابق ’پوری قوم یہ چبھتے ہوئے سوال پوچھ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ کون لایا، اس کا جواب دیں۔‘
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو 40 ارب روپے سالانہ ملتے رہے جبکہ دوسرے صوبوں کو 40 پیسے بھی نہیں ملے۔
’پی ٹی آئی کا یہ گلہ کہ فنڈز نہیں تھے، حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔‘
شہباز شریف نے دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے بلور خاندان اور بے نظیر بھٹو کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ تاریخ ایسے واقعات سے بھری ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج لوگ پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان کو کس کی نظربد لگی۔ امن اتنے عرصے تک قائم رہنے کے بعد کیوں خراب ہونے لگا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو ’خاکم بدہن ہمارا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہو گا۔‘
انہوں نے آپریشن ضرب عضب کا حوالہ دیتے ہوئے کہ اس سے دہشت گردی کو کنٹرول کر لیا گیا تھا اور اب بھی اجتماعی بصیرت اور کوششوں سے اس پر دوبارہ قابو پائیں گے۔

شیئر: