Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز مشرف کی میت دبئی سے کراچی پہنچ گئی، تدفین منگل کو

سابق صدر پرویز مشرف کی کراچی میں آخری رسومات کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق صدرِ پاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت دبئی سے کراچی پہنچ گئی ہے اور طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر لینڈ کر گیا ہے۔
اس سے قبل آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے رہنما طاہر حسین نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا جسد خاکی خصوصی طیارے کے ذریعے پیر کی رات دبئی سے کراچی پہنچے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’7 فروری بروز منگل کو بعد نماز ظہر کے بعد ملیر کینٹ کے پولو گراؤنڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین آرمی قبرستان میں کی جائے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے ذمہ داران اور کارکنان سمیت پرویز مشرف سے محبت کرنے والے بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔‘
سابق صدر پرویز مشرف کی کراچی میں آخری رسومات کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نماز جنازہ اور تدفین کے مقام پر غیر معمولی سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کی آخری رسومات میں ایم کیوایم بھرپور شرکت کرے گی۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن غوری کا کہنا تھا کہ سابق صدرِ پاکستان کی نماز جنازہ میں پارٹی کے اہم رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد سکیورٹی قوانین کو پورا کرتے ہوئے شریک ہو گی۔
احسن غوری کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور میں کراچی سمیت ملک بھر میں مثالی کام کیے ہیں۔ ایم کیوایم یہ سمجھتی ہے کہ کراچی میں ترقی کے سفر کا سہرا پرویز مشرف کے سر ہی جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سال 2016 میں پاکستان سے علاج کے غرض سے متحدہ عرب امارات گئے تھے جہاں دبئی کے ایک امریکی ہسپتال میں ان کا علاج ہو رہا تھا۔ 5 فروری بروز اتوار سابق صدر انتقال کر گئے تھے۔ اہلخانہ نے مشاورت کے بعد ان کی میت کو پاکستان لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

شیئر: