وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر وکی پیڈیا پاکستان میں بحال
وکی پیڈیا کو نان پرافٹ فنڈ وکی میڈیا فاؤنڈیشن چلاتی ہے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
وزیراعظم شہباز شریف کے حکم کے بعد بین الاقوامی معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا منگل کو پاکستان میں بحال ہو گئی ہے۔
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے وکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے ویب سائٹ بحال کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
یکم فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے ریگولیٹر ادارے پی ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ توہین آمیز مواد کو بلاک نہ کرنے/ہٹانے کی وجہ سے وکی پیڈیا کی سروسز محدود کی گئی ہیں تاہم بعد میں ویب سائٹ مکمل بلاک کر دی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مسلم اکثریتی ملک پاکستان میں توہین کا معاملہ ایک حساس مسئلہ ہے، اور فیس بک اور یوٹیوب پر اس سے قبل توہین آمیز سمجھے جانے والے مواد کی اشاعت کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی تھی۔
وکی میڈیا فاؤنڈیشن جو ایک نان پرافٹ فنڈ ہے اور وکی پیڈیا چلاتی ہے، نے پیر کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے آگاہ کیا گیا ہے کہ ’پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو وکی پیڈیا تک رسائی بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں آن لائن ٹریفک جلد دوبارہ شروع ہو جائے گی۔‘
گزشتہ ہفتے پی ٹی اے نے ویب سائٹ کو بلاک کرنے سے قبل وکی پیڈیا کو ’توہین آمیز‘ مواد ہٹانے کے لیے 48 گھنٹوں کا وقت دیا تھا۔