وزیراعظم کا وکی پیڈیا ویب سائٹ بحال کرنے کا حکم، نوٹیفیکیشن جاری
پی ٹی اے نے توہین آمیز مواد کی بنیاد پر یم فروری کو وکی پیڈیا کی ویب سائٹ بند کر دی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے ویب سائٹ بحال کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ تین رکنی وزارتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے۔
کمیٹی میں قانون و انصاف، معاشی و سیاسی امور اور اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزرا شامل تھے۔
خیال رہے کہ یکم فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے ریگولیٹر ادارے پی ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ توہین آمیز مواد کو بلاک نہ کرنے/ہٹانے کی وجہ سے وکی پیڈیا کی سروسز محدود کی گئی ہیں تاہم بعد میں ویب سائٹ مکمل بلاک کر دی گئی تھی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارتی کمیٹی نے اجلاس منعقد کیا اور معاملے کا جائزہ لے کر قرار دیا کہ وکی پیڈیا مفید معلوماتی ویب سائٹ ہے جس سے طالب علم، محقیقین اور معاشرے کے دیگر طبقات مستفید ہوتے ہیں۔
کمیٹی کی سفارشات کے مطابق پوری کی پوری ویب سائٹ بند کرنا مناسب نہیں ہے، قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وکی پیڈیا پر موجود قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ قانون و انصاف، اطلاعات و نشریات، کامرس اور کمیونیکیشن کے وفاقی وزراء کمیٹی کے دیگر ارکان میں شامل ہیں۔
ضرورت کے مطابق کسی ماہر کو کمیٹی میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ کمیٹی ایک ہفتے میں وفاقی کابینہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
کمیٹی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکی پیڈیا تک رسائی مکمل بند کرنے کے اقدام کا جائزہ لے گی اور اقدامات تجویز کرے گی تاکہ قابل اعتراض مواد پر پابندی اور اس تک رسائی کو روکا جا سکے۔
کمیٹی مذہبی طور پر حساس، مقدس اور ہمارے کلچر کے منافی مواد پر پابندی کے لیے طریقہ کار تجویز کرے گی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سیکریٹیریل خدمات فراہم کرے گی۔