امریکہ نے 40 ہزار فٹ بلندی پر اڑنے والی ’ناقابل شناخت شے‘ کو مار گرایا
پینٹاگون نے کہا کہ یو ایف او 40 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا جو فضائی ٹریفک کے لیے خطرے کا باعث تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ نے ریاست الاسکا کی فضائی حدود میں موجود ناقابل شناخت اڑنے والی شے (یو ایف او) کو مار گرایا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر پیٹرک رائیڈر کا کہنا ہے کہ امریکی ایف 22 جنگی طیارے نے جمعے کو یو ایف او مار گرایا جو ایک چھوٹی گاڑی کے سائز کے برابر تھا۔
غیر معمولی طور پر صدر جو بائیڈن نے یو ایف او کو مار گرانے کے احکامات جاری کیے جس کا اعلان وائٹ ہاؤس نے کیا۔
چند دن قبل چار فروری کو امریکی جنگی طیارے ایف 22 نے ہی ریاست جنوبی کیرولائنا کی فضائی حدود میں اڑنے والے چینی غبارے کو مار گرایا تھا جو مبینہ طور پر جاسوسی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پینٹاگون اور وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اڑن طشتری کا سائز چینی غبارے کے مقابلے میں بہت چھوٹا تھا تاہم مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔
پینٹاگون نے کہا کہ یو ایف او 40 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا جو فضائی ٹریفک کے لیے بھی خطرے کے سبب بن سکتا تھا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ’ہمیں نہیں معلوم کہ یہ چیز کس کی ملکیت ہے۔‘ تاہم پینٹاگون کا کہا ہے کہ یہ طیارہ نہیں تھا۔
یو ایف او کو الاسکا کے شمال مشرقی حصے میں کینیڈا کی سرحد کے قریب مار گرایا ہے اور یہ شمال مشرق کی سمت میں پرواز کر رہا تھا۔
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یہ سب سے پہلے نو فروری کو ریڈاراز کے ذریعے دکھائی دیا تھا جس کی مزید تحقیق کے لیے جنگی طیارے بھیجے گئے۔
پینٹاگون کے ترجمان بریگیڈیئر پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ اس مشن پر امریکی پائلٹس ساتھ تھے جنہوں نے یہ یقین دہانی کی ناقابل شناخت چیز میں کوئی انسان تو موجود نہیں۔
انہوں نے چینی غبارے کے حوالے سے بتایا کہ اس کا ملبہ کافی حد تک حاصل کر لیا گیا ہے جس سے چین کی جاسوسی کی صلاحیتوں کے بارے میں مزید معلومات سامنے آئیں گی۔