Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مشکل گھڑی میں تعاون‘، ترکیہ کی طرف سے سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ

سعودی عرب ان اولین ممالک میں شامل ہے جس نے ترکیہ کو فوری مدد فراہم کی۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
ترکیہ کی حکومت نے گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلہ کے بعد فوری امدادی مہم کو سراہتے ہوئے سعودی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترکیہ کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے کئی امدادی طیارے ترکیہ پہنچ گئے جن میں ریسکیو یونٹس شامل ہیں جو ترکیہ کے یونٹس کے ساتھ مل کرامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔‘ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’برادر ممالک کی جانب سے اس مشکل گھڑی میں جو تعاون پیش کیا گیا ان میں سعودی عرب اولین ممالک میں شامل ہے۔‘
صدر رجب طیب اردوغان نے امدادی مہم کے حوالے مزید کہا کہ ’ان مشکل لمحات میں سعودی عرب ان ممالک میں اولین ہے جنہوں نے ترکیہ کو نہ صرف فوری امداد فراہم کی بلکہ اس کا سلسلہ بھی جاری ہے‘۔ 
ترک حکام نے گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے کو رواں صدی کا سب سے بڑا المیہ قراردیا ہے۔ 
 بیان میں مزید کہا گیا کہ ’چھ فروری 2023 کو 7.7 اور7.6 شدت کا زلزلہ کھرمان مرعش کمشنری میں آیا بعدازاں 1500 آفٹرشاکس آتے رہے جس سے 10 شہرشدید متاثر ہوئے۔ 
زلزلے بعد ترکیہ کی جانب سے عالمی سطح پرلیول فور الرٹ جاری کردیا گیا جس میں بین الاقوامی امداد کے حصول کا اعلان شامل تھا۔ 
لیول فور الرٹ جاری کرنے کے بعد اب تک 97 ممالک نے مدد کی پیشکش کی ہے اور61 ممالک کی امدادی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ 
واضح رہے ترکیہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد  شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جاری ہدایات پرعمل کرتے ہوئے فوری بنیادوں پر امدادی مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت عوامی عطیات مہم ’ساھم‘ کے عنوان سے بھی شروع کی گئی۔ 

شیئر: