پاکستان بمقابلہ انڈیا: ’ایک اننگز میں اتنے کارنامے، لڑکیو تم جیت گئی‘
اتوار 12 فروری 2023 17:46
پاکستانی بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی بیٹرز نے انڈیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 149 رنز بنائے تو یہ عالمی مقابلے میں گرین شرٹس کا سب سے بڑا ٹوٹل رہا۔
بسمہ معروف نے 55 گیندوں پر 68 رنز بنا کر کیپ ٹاؤن کے گراؤنڈ میں رواں ورلڈ کپ کی سب سے زیادہ سکور کرنے والی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
عائشہ نسیم کے ساتھ 47 گیندوں پر 81 رنز کی پارٹنر شپ بھی پانچویں وکٹ پر ورلڈ کپ میں اب تک کی سب سے بڑی پارٹنر شپ قرار پائی۔
پاکستانی بیٹرز کی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے سوشل ٹائم لائنز پر ان کا ذکر چھڑا تو متعدد صارفین نے انہیں خوب سراہا۔
فلک خورشید نے پہلی اننگز کی کارکردگی دیکھ کر لکھا کہ ’ایک ہی اننگز میں اتنے کارنامے، لڑکیو تم میچ ختم ہونے سے پہلے ہی جیت گئی ہو۔‘
پاکستانی ٹیم کی چار وکٹیں جلد گر جانے کے بعد عائشہ نسیم اور کپتان بسمہ معروف کی ذمہ دارانہ اننگز کی تعریف کرنے والوں نے دونوں کھلاڑیوں کو خوب سراہا۔
بسمہ معروف اپنی ففٹی اننگز کی وجہ سے مرکز نگاہ بنیں تو یہ انڈین خواتین ان کے چہرے میں اپنی کھلاڑیوں کی شباہت دیکھنے لگیں۔
متعدد ٹویپس نے پاکستانی اننگز کا ذکر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پلیئرز نے روایتی حریف انڈیا کو اچھا ہدف دیا ہے، اس کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔
پاکستانی اننگرز مکمل ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انڈین پلیئر رادھا یادو نے تسلیم کیا کہ فیلڈنگ اچھی نہیں رہ پائی۔ انہوں نے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
رادھا یادو نے تسلیم کیا کہ عائشہ نسیم ان کے لیے مشکلات پیدا کر رہی تھیں انہیں ہدف بنانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔