Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کی پی ایس ایل میں واپسی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جگہ مل گئی

محمد حفیظ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں احسن علی کے متبادل کے طور پر شامل ہورہے ہیں۔ (فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز/ٹوئٹر)
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں واپسی ہوگئی ہے اور وہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
منگل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’پروفیسر محمد حفیظ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں احسن علی کے متبادل کے طور پر شامل ہو رہے ہیں جنہیں انجری کے مسائل کا سامنا ہے۔‘
محمد حفیظ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ملتان میں جوائن کریں گے۔
خیال رہے محمد حفیظ پی ایس ایل کے ڈرافٹ کے دوران سلیکشن کے لیے موجود تھے لیکن انہیں کسی بھی فرنچائز کی جانب سے خریدا نہیں گیا تھا۔
محمد حفیظ نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔
محمد حفیظ نے جنوری 2022 میں ہر طرح کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے کہا تھا کہ وہ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
کرکٹ کے حلقوں میں ’پروفیسر‘ کے نام سے مشہور محمد حفیظ 2018 میں پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔
41 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز سنہ 2003 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا تھا اور آسٹریلیا کے خلاف 2021 میں ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔
محمد حفیظ نے اپنے کیریئر میں 55 ٹیسٹ، 2018 ون ڈے میچز اور 119 ٹی20 میچز کھیلے اور تمام فارمیٹس میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 12 ہزار 780 ہے۔
پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز پیر کی رات کو ہو چکا ہے اور پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 1 رن سے شکست دی تھی۔

شیئر: