کولمبو ----- سری لنکن فوج کے چھاتہ بردار دستے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پیراشوٹ جمپر روزمرہ کی مشق کے دوران اچانک پیرا شوٹ نیچے آجانے کے سبب پریشان ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کا پیرا شوٹ ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور بجلی کے جھٹکے لگنے سے اسے کئی بڑے چھوٹے زخم بھی آئے۔ جسم کا خاصا حصہ جھلسا ہوا نظر آرہا ہے تاہم و ہ حیران کن انداز میں زندہ بچ گئی ہے۔ پیرا شوٹ جمپنگ کی یہ مشق دیکھنے کیلئے جمع ہونے والے افراد واقعہ کے وقت حیرت زدہ ہوگئے اور خوف کا عنصر انکے چہرے پر غالب آنے لگا کیونکہ بجلی کے تاروں سے ایک شعلہ سا لپکتا ہوا نظر آیا اور اسی کی گرمی یا برقیت تھی جس کی وجہ سے خاتون کا جسم کئی جگہ سے جھلس گیا۔ ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرانے کے بعد خاتون پیراشوٹ جمپر نے اس بات کی بڑی کوشش کی کہ وہ اطمینان سے نیچے اتر جائے مگر اس میں بھی اسے دشواری پیش آئی۔ آخر وہ پیرا شوٹ سمیت قریب ہی میدان میں جاگری۔ نیچے گرنے پر پیراشوٹ کے چاروں جانب بجلی کے تار لپٹے نظرآئے۔ صورتحال دیکھ کر لوگ اسکی مد د کو دوڑے فوجی ترجمان کا کہناہے کہ اس واقعہ میں خاتون کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا ہے۔