Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چاہتا ہوں انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ میں ڈیبیو کروں اور پانچ وکٹیں لوں: احسان اللہ

اھسان اللہ نے کہا کہ ’جو کوچ نے پلان دیا تھا، میں اس پر بولنگ کی اور آؤٹ کیے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بولنگ کے بعد مرکز نگاہ بنے ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے احسان اللہ نے کہا کہ وہ انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنا چاہتے ہیں اور پانچ وکٹیں لینا چاہتے ہیں۔
احسان اللہ کہتے ہیں کہ ’چاہتا ہوں کہ انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ میں ڈیبیو کروں اور پانچ وکٹیں حاصل کروں اور ون ڈے کپ میں دس اوورز میں 35 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنا چاہتا ہوں۔‘
 پی ایس ایل کے سفر کے بارے میں احسان اللہ کہتے ہیں کہ ’ڈومیسٹک کرکٹ میں ہمارے کوچ عبدالرحمان نے بہت سپورٹ کیا ہے اور پھر پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے مینیجر حیدر اظہر نے مجھے دوبارہ ٹیم میں رکھا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پانچ وکٹیں لینے پر سپیڈ سٹار نے کہا کہ ’جو کوچ نے پلان دیا تھا، میں اس پر بولنگ کی اور آؤٹ کیے، میں زلمی کے خلاف بھی پانچ وکٹیں لوں گا۔‘
پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں احسان اللہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ کو پچھاڑ کر رکھ دیا تھا۔
احسان نے میچ میں تاریخی سپیل کرتے ہوئے چار اوورز میں 12 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے فاسٹ بولنگ کے بھی جوہر خوب دکھائے اور گیند کو 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی سپیڈ سے بھی پھینکا تھا۔
20 سالہ فاسٹ بولر کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے خیبر ایجنسی سے ہے۔
احسان اللہ ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا سیکنڈ الیون کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے ابھی تک 7 فرسٹ کلاس میچز کھیل کر 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ گزشتہ سال کھیلے گئے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ پاکستان کپ میں احسان اللہ 11 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بولر قرار پائے تھے۔
خیال رہے کہ دائیں ہاتھ کے ابھرتے فاسٹ بولر کو 2022 میں ملتان سلطانز نے لوکل پلیئر کی کیٹیگری میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے لیے 4 میچز کھیل کر 8 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔

شیئر: