Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجم سیٹھی کی ٹویٹ پر برہم وزیر دفاع خواجہ آصف خود تنقید کی زد میں

نجم سیٹھی نے اپنی ٹویٹ میں پی ایس ایل کے خطرے سے محفوظ ہونے کا ذکر کیا تھا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی ایک ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سخت ناسپدندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کی شام کو کی گئی ٹویٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ ’یہ شخص سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا موازنہ پی ایس ایل سے کر رہا ہے۔‘
ابتدائی جملے کے بعد اپنا مفہوم واضح کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ ’کہنے کا مطلب ہے کہ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پر حملہ حلال ہے اور پی ایس ایل پر حرام۔‘
وزیردفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ ’یہ ہماری فوج اور پولیس کی جاںوں کی کوئی حرمت نہیں، اطمینان ہے کہ پی ایس ایل محفوظ ہے۔ یہ ہے ہماری اشرافیہ صرف اپنا مفاد عزیز ہے، قومی سلامتی اور قیمتی جانیں ڈسپوزیبل ہیں۔‘

خواجہ آصف کی سخت تنقید کے بعد متعدد ٹویپس نے ان سے استفسار کیا کہ ’عمران خان کے تعینات کردہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو انہی کی حکومت نے تعینات کیا ہے۔‘
خرم عباسی نے لکھا کہ جناب! آنکھیں کھولیں اس شخص کو آپ کی حکومت نے پی سی بی کی ذمہ داری دی ہے، آپ شکوہ کس سے کر رہے ہیں؟

کئی ٹویپس خواجہ آصف کو یاد دلاتے پائے گئے کہ ’نجم سیٹھی کی ٹویٹ پر تو آپ نے اعتراض کیا ہے حالانکہ وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر چکے ہیں لیکن پنجاب میں ان کی اہلیہ اب بھی آپ کی اتحادی ہیں اور وہ خود بھی اسی اتھارٹی کے مقررکردہ ہیں جس نے آپ کو موجودہ ذمہ داری دے رکھی ہے۔‘
بصیر احمد نے لکھا کہ ’یہ شخص آپ ہی کی حکومت کا تعینات کردہ ہے، جو چاہے کریں لیکن آپ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتے کیونکہ آپ کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین میں سے کچھ کو لگا کہ حکومتی صفوں میں تبدیلی خیالات کی یہ لہر کہیں خواجہ آصف کے لیے بھی خطرے کا باعث نہ بن جائے تو انہیں خبردار بھی کیا گیا۔
زریاب راجپوت نے لکھا کہ ’خواجہ صاحب ایک کے بعد ایک دانشمندانہ فیصلہ، سرکار! اس قسم کی باتیں شاہد خاقان عباسی صاحب کے بعد آپ کے لیے بھی مشکل کھڑی کر سکتی ہیں۔‘

نجم سیٹھی کی ٹویٹ پر تنقید کے بعد جوابی تنقید کے درمیان کچھ صارفین نے اصل معاملے پر توجہ دی تو موقف اپنایا کہ پی سی بی کے ذمہ دار منصب پر موجود فرد کو ایسے الفاظ کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے تھا جو بعد مین ڈیلیٹ کرنا پڑیں۔

سید ارشداللہ نے خواجہ آصف کے ردعمل پر کیے گئے تبصرے میں ان پر ’وکٹوں کے دونوں جانب کھیلنے‘ کا طنز کیا تو مشورہ دیا کہ ’مان لیں ناکامی مقدر ہے۔‘
کاشف ظہیر نے انہیں مشورہ دیا کہ ’خواجہ صاحب آپ حکومت میں ایسی ٹویٹس نہ کیا کریں۔‘

شیئر: