رمیز راجہ کے بیان کا مقصد نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے: پی سی بی
رمیز راجہ نے کہا تھا کہ نجم سیٹھی چوہدراہٹ کے لیے پی سی بی آئے ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف سابق چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔
بدھ کو سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بیان کے ردعمل میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ ان کا مقصد چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
’اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ سابق چیئرمین رمیز راجہ نے عہدے سے ہٹنے کے بعد پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایک بندے نجم سیٹھی کو لانے کے لیے پورا آئین ہی بدل ڈالا گیا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نجم سیٹھی چوہدراہٹ کے لیے پی سی بی آئے ہیں۔
بیان کے مطابق سابق چیئرمین رمیز راجہ کا اپنے اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کے سابقہ دور کے اخراجات کے بارے میں موازنہ ’گمراہ کن اور غلط‘ ہے۔
’یو اے ای کے متعدد دوروں کے باوجود نجم سیٹھی نے کبھی بھی پی ایس ایل الاؤنس وصول نہیں کیا۔ موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کو گاڑی کا الاؤنس بھی بورڈ آف گورنر کی منظوری کے مطابق ادا کیا گیا تھا۔‘
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس کے برعکس سابق چیئرمین رمیز راجہ کو ایک نئی گاڑی فراہم کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ 65 لاکھ روپے تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ چیئرمین کے تمام سفری اخراجات متعلقہ حکام کی منظوری سے کیے جاتے تھے جس کا باقاعدہ (اندرونی اور بیرونی طور پر) آڈٹ کیا گیا تھا۔‘
’نجم سیٹھی صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ تھے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، لہٰذا ان کے سکیورٹی اخراجات زیادہ تھے۔‘
21 دسمبر کو وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کاچیئرمین بنانے کی منظوری دی تھی۔