اسلام آباد.. وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نیوز لیکس اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا، جتنا اسے بنا دیا گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات سنجیدہ موضوع ہے، اسے تماشا نہیں بنانا چاہیئے ۔ پوری دنیا میں سول ملٹری تعلقات پر سیاست نہیں ہوتی لیکن پاکستان میں ہوتی ہے۔ کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر ایسی صورتحال پیدا کی جو پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سول ملٹری اداروں کی لڑائی ہو اور تماشا لگے۔ جتنی سول ملٹری ہم آہنگی کی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ اس میں رخنہ ڈالنے اور غلط طریقے سے پیش کرنے سے پاکستان کی خدمت نہیں ہو گی۔ جن لوگوں نے سول ملٹری تعلقات پر کرکٹ، ہاکی یا سیاست کھیلنی ہے وہ کوئی اور پچ تلاش کریں۔