کیتھرین جفیلر مدینہ کی ثقافت اور ورثہ ’ردھمز‘ میں دکھائیں گی
اتوار 19 فروری 2023 16:46
’ردھم‘ کی نمائش 20 فروری سے 10 مارچ تک جاری رہے گی (فوٹو: انسٹاگرام ایلین گیریبین)
عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی نژاد سوئس آرٹسٹ کیتھرین جفیلر کو مدینہ ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم آر ڈی اے) نے سعوی عرب کے مقدس شہر مدینہ کی ثقافت اور ورثہ آرٹ کی شکل میں دکھانے کا ٹاسک دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سرگرمی کو ’ردھمز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ بڑی تصاویر، رات کو عمارتوں پر پروجیکٹرز کے ذریعے تصاویر کشی اور این ایف ٹیز ’ردھمز‘ کا حصہ ہیں۔ اسے کیتھرین جفیلر اور بورڈ ممبر ایلین گیریبیان نے ڈیزائن کیا ہے۔
ایلین گیریبیان کا کہنا ہے کہ ’جب میں نے پہلی مرتبہ مدینہ کا دورہ کیا تو اس نے میرے ذہن پر نقوش چھوڑے۔ اس کے ورثے اور ثقافت نے مجھے اسے سرحد سے پار ظاہر کرنے پر آمادہ کیا۔‘
’ردھمز‘ کی نمائش 20 فروری سے 10 مارچ تک جاری رہے گی، لیکن اس سے قبل اس کی رونمائی 19 فروری کو ’سمارٹ مدینہ فورم‘ میں ہو گی جسے مدینہ ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور یو این ہیبیٹیٹ نے مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان کی سربراہی میں آرگنائز کیا ہے۔
’ردھمز‘ کے آرٹ ورک میں 30 بڑی تصاویر اور ویڈیوز شامل ہیں۔ ہر بڑی تصویر میں باشندوں، حج زائرین، سیاح اور شہر کے مناظر کو دکھایا جائے گا۔ ہر تصویر کے عنوان میں سعودی شاعری شامل ہے۔
کیتھرین جفیلر نے کہا کہ ’میں مدینہ کے مقدس شہر کی ثقافت، ورثے اور جدید پہلوؤں کا دکھانا چاہتی تھی۔ اس کے لیے میں نے تصاویر میں سعودی شاعروں کی نظمیں شامل کی ہیں۔‘
اس آرٹ ورک کی نمائش کنگ سلمان انٹرنیشنل کنونشن سنٹر، مدینہ آرٹ سنٹر، قبا ایونیو اور سعودی عرب کے پہلے این ایف ٹی پلیٹ فارم ’نقطہ‘ پر ہو گی۔