سعودی ٹیموں کی شام اور ترکیہ میں امدادی کاموں میں تیزی
سعودی ٹیموں کی شام اور ترکیہ میں امدادی کاموں میں تیزی
اتوار 19 فروری 2023 18:50
خصوصی امدادی گاڑیاں تکنیکی آلات، طبی اور مواصلاتی آلات سے لیس ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے کنگ سلمان امدادی مرکز نے ترکیہ میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ شام کے زلزلہ زدہ علاقوں میں دس ٹرکوں میں امدادی سامان بھیجا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق باب السلامہ سرحد سے گزرنے والے یہ ٹرک شام میں ہولناک زلزلے کے متاثرین کے لیے ڈبہ بند خوراک، خیمے اور دیگر ضروری سامان کے علاوہ جان بچانے والی طبی اشیاء لے کر گئے ہیں۔
قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کے لیے 12 امدادی طیارے متاثرہ علاقوں میں بھیجے گئے ہیں جن میں خوراک، خیمے، کمبل، قالین، شیلٹر بیگز اور طبی سامان شامل ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے یہ کھیپ سعودی امدادی مشن کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ 12واں سعودی طیارہ 75 ٹن کھانے پینے کے پارسل، طبی سامان اور دیگر امدادی اشیاء لے کر غازی عنتاپ ائیرپورٹ پرگزشتہ روز اترا تھا۔
علاوہ ازیں سعودی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی ترکیہ کے تین شہروں میں 46 مقامات پر امدادی آپریشن میں شامل ہے اور ملبے سے لاشیں نکالنے میں مدد کر رہی ہے۔
آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطحی تربیت حاصل کرنے والی ٹیم میں ریسکیورز، طبی ماہرین، انجینئرز اور ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن، سیفٹی اور سیکیورٹی ماہرین بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب سے بھیجی جانے والی یہ ٹیمیں خصوصی گاڑیوں، تکنیکی آلات اور طبی اور مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کو سرچ اینڈ ریسکیو ڈائرکٹری پر اعلی درجہ دیا گیا ہے۔
اس ٹیم نے کئی ممالک میں مشترکہ امدای مشقوں میں مملکت کی نمائندگی کی ہے اور دنیا بھر میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا ہے۔
سعودی عرب شام اور ترکی میں زلزلہ زدگان کے لیے ورچوئل ہیلتھ امداد بھی پیش کر رہا ہے۔
سیہا ورچوئل ہسپتال جسے مملکت کی وزارت صحت نے گزشتہ سال شروع کیا تھا، سعودی ہلال احمر اتھارٹی کی طبی کوششوں کی مدد کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العلی کا کہنا ہے کہ انہیں ورچوئل ہسپتال میں مختلف شعبوں میں سعودی مرد و خواتین ماہرین کو کام کرتے ہوئے اور لواحقین کی دیکھ بھال کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کنگ سلمان امدادی مرکز کے زیر انتظام انسانی بنیادوں پر امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین ترکی اور شام میں سعودی ہلال احمر اتھارٹی کے ورکرز کی کوششوں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
طبی امدادی ٹیموں میں ماہر امراض قلب، انٹرنسٹ، ماہرین اطفال، ماہر امراض جلد، متعدی امراض کے ماہرین، ماہر امراض نسواں، ماہر امراض چشم اور ماہرین امراض چشم شامل ہیں اور وہ ویڈیو کمیونیکشن سے اپنے ساتھیوں کو ضروری طبی امداد اور مشورے دے رہے ہیں۔