یوم تاسیس: سعودی طلبہ اور ٹیچر کے ملی نغمے کی سوشل میڈیا پر دھوم
قومی نغمہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر بھی نشر کیا جارہا ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی فاؤنڈیشن ڈے کے لیے سعودی ٹیچر اور طلبہ کا ملی نغمہ ‘میرا پیارا وطن‘ سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی ٹیچر عبداللہ الغامدی کا کہنا ہے کہ ’بچپن ہی سے میرا نصب العین نئی نسل کے دلوں میں وطن عزیز کے پیار کی آبیاری ہے۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سعودی ٹیچر کلاس روم میں طلبہ کے ساتھ ’وطنی الحبیب‘ (میرا پیارا وطن) گیت گا رہے ہیں یہ گیت معروف فنکار طلال مداج کا ہے۔
نغمہ دیکھنے والے صارفین نے اس کو بہت پسند کیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ طلبہ اور استاد نے قومی لباس زیب تن کر کے دل کی گہرائی سے مشہور قومی گانا ’وطنی الحبیب‘ گایا ہے۔
ٹیچر عبداللہ الغامدی کا کہنا ہے کہ ’اصل مقصد وطن سے محبت کا اظہار ہے۔ یہ معمولی سی بات ہے لیکن بڑی بامعنی ہے۔‘
الغامدی نے کہا کہ ’سوشل میڈیا صارفین نے ملی نغمے پر جو ردعمل دیا وہ حیرت نگیز ہے اس سے ہمارے دل کو بہت سکون ملا۔ دین، وطن اور قیادت سے پیار کرنے والے سعودی عوام سے ہمیں ایسی ہی توقعات تھیں۔‘
عبداللہ الغامدی کا کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ قومی نغمہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر بھی نشر کیا جا رہا ہے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں