’جس دن سے آغاز کیا‘، یوم تاسیں پر سعودی سکولوں میں کیا پرگرام ہوں گے؟
تعلیمی اداروں میں تقریبات کا سلسلہ اتوار سے پانچ دن تک جاری رہے گا (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کے تمام ریجنز کے سکولوں میں اتوار 12 فروری سے مملکت کے یوم تاسیس ( فاونڈیشن ڈے) کے حوالے سے مختلف نوعیت کے پروگراموں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ’یوم بدینا‘ ( جس دن سے آغاز کیا) کے سلوگن سے شروع ہونے والی تقریبات کا سلسلہ تعلیمی اداروں میں پانچ دن تک جاری رہے گا۔
مملکت بھرمیں 12 لاکھ سے زائد طلبا یوم تاسیس کے حوالے سے مختلف نوعیت کے پروگرام پیش کریں گے جن میں یوم تاسیس جو ہر برس 22 فروری کومنعقد کیا جاتا ہے، کے حوالے سے اہم معلومات دی جائیں گی۔
ادارہ تعلیم کے ترجمان عبدالسلام الثمیری کا کہنا ہے کہ ’مملکت کی تاسیس 1139 سال ہجری بمطابق 1727 میلادی کو امام محمد بن سعود کے ہاتھوں ہوئی تھی جسے 300 برس سے زیادہ کاعرصہ گزر چکا ہے۔‘
یوم تاسیس پر ہر شہری اپنی جگہ رہتے ہوئے تعمیر وطن کے جذبے سے سرشار اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان ادارہ تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ’مملکت کے تمام تعلیمی اداروں میں معلوماتی پروگراموں کے سلسلے کا آغاز کیا جائے گا۔‘
سکولوں میں 15 نوعیت کے پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں جن میں صبح کی اسمبلی میں اہم معلوماتی پروگرام ہو گا جبکہ ایک ہفتے تک روزانہ کلاس شروع ہوتے ہی پہلے پیریڈ کے پانچ منٹ یوم تاسیس اورمملکت کی تاریخ کے حوالے سے طلبا کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔
مملکت کے قیام اور تاسیس کے حوالے ڈرامائی خاکے اورسعودی عرب کے اولین دورکے ملبوسات کے بارے میں طلبہ کو مطلع کرنے کے لیے شوز منعقد کیے جائیں گے۔
تاریخی مقامات پر طلبا کے سٹڈی ٹورز کرائے جائیں گے اور ان مقامات کی اہمیت بیان کی جائے گی۔
علاوہ ازیں طلبا کے درمیان یوم تاسیس کے حوالے سے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔