نئی دہلی .... عام آدمی پارٹی کے معطل رکن اور سابق وزیر کپل مشرا نے جمعہ کو فیصلہ کیا کہ وہ پارٹی کے سربراہ کیجریوال کے نام اپنی والدہ کا خط مشتہر کرینگے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کیجریوال میرے بیٹے کے خلاف جھوٹی باتیں پھیلا رہے ہیں جو بے بنیاد ہیں۔ انوپرنا مشرا نے جو بی جے پی کی رہنما بھی ہیں خط میں سوا ل کیا کہ اروند تم کتنے مزید جھوٹ بولو گے اور آخر کار کب تک بولو گے۔ انہوں نے کہاکہ میرا بیٹا تم سے سوال کرتا ہے اور تم جواب نہیں دیتے۔ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ تم ایسا کرو گے۔ انہوں نے یہ بات مشرا کی جانب سے کیجریوال سے پوچھے گئے سوال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہی جس میں مشرا نے پوچھا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے کتنے رہنماﺅں کو غیر ملکی دورے کیلئے رقم دی گئی۔ مشرا نے اس ہفتے کیجریوال سے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ الیکشن کیلئے مہم چلانے تک کیلئے میرے پاس پیسہ نہیں۔ پھر آخر غیر ملکی دوروں کیلئے کہاں سے پیسہ آگیا؟ واضح رہے کہ کیجریوال نے ان سوالات کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔ عام پارٹی کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ مشرا جھوٹ بول رہے ہیں اور وہ بی جے پی کے لیڈر ہیں۔