سعودی امدادی ایجنسی کا سوڈان میں ڈائیلاسز مراکز کی تجدید کے لیے تعاون کا معاہدہ
معاہدے کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کو 18 ڈائیلاسز مشینیں فراہم کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سوڈان کی وزارت صحت کے ساتھ سوڈان میں ڈائیلاسز مراکز کی تجدید کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے جس سے تین ہزار 960 افراد مستفید ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کو 18 ڈائیلاسز مشینیں، ڈائیلاسز کے مریضوں کے لیے 18 کرسیاں اور بجلی کے پانچ جنریٹر فراہم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایسی تنظیموں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جو سیکڑوں یتیموں کی مدد کرنے کے علاوہ دسیوں ہزار افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔