خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی فلاحی مہم کے پانچویں ایڈیشن کی منظوری دی ہے۔ مہم کا آغاز سعودی عرب میں نیشنل پلیٹ فارم فار چیریٹیبل ورک’احسان‘ پلیٹ فارم کے ذریعے جمعہ 7 مارچ سے کیا گیا ہے۔
سعودی قیادت نے 70 ملین ریال کے عطیات سے مہم کا آغاز کیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 40 ملین ریال اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے30 ملین ریال دیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ماہ صیام میں فلاحی امور کے لیے پلیٹ فارم کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ لوگ اس میں حصہ ڈال سکیں۔
مزید پڑھیں
-
احسان پلیٹ فارم پر رمضان کے دوران 1.8 ارب ریال سے زیادہ کے عطیاتNode ID: 850381
-
غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم کے تحت 686 ملین ریال جمع ہوگئےNode ID: 853191
احسان پورٹل کی نگران کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودی قیادت کی جانب سے فلاحی امور میں بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شاہی احکامات کے تحت سال 2021 میں قومی احسان پورٹل کو لانچ کیا گیا تھا جس کا مقصد ضرورت مند طبقے کی مصدقہ ذرائع سے مدد کرنا ہے۔
ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا کہ احسان پورٹل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ سابقہ ایڈیشنزعوامی سطح پر غیرمعمولی مقبول ہوئے۔
چوتھے ایڈیشن میں 1.8 ارب ریال جمع ہوئے جبکہ تیسرے ایڈیشن میں 760 ملین ریال اور دوسرے میں 750 ملین جبکہ پہلے ایڈیشن میں 800 ملین ریال کے عطیات جمع ہوئے تھے۔
احسان پلیٹ فارم کی کارروائی مکمل طورپر شفاف ہوتی ہے جس کی نگرانی کے لیے 13 حکومتی اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم کام کرتی ہے تاکہ عطیات کے معاملات کو مکمل طورپرشفاف رکھا جائے۔ پورٹل کے علاوہ ٹول فری نمبر 8001247000 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے احسان پورٹل کے لانچ کیے جانے سے اب تک 9 ارب ریال کے عطیات جمع ہوچکے ہیں جن سے مستفیض ہونے والوں کی تعداد 4.8 ملین رہی۔