ریاض( ذکاء اللہ محسن)پاکستانی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر مستونگ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے پر پاکبانوں نے رنج و غم ، تشویش اور ناراضی کی لہر دوڑ گئی۔ جمعیت علمائے اسلام کے سرپرست اعلیٰ انجینیئر پیر عبدالمنان، امیر مولانا حمد اللہ عثمانی، جنرل سیکریٹری حافظ ذاکر جذبی،غلام رسول مینگل، صدر مولانا ہمایوں محسود، جنرل سیکریٹری سردار عبدالباسط، سیکریٹری اطلاعات قاری عزیز الرحمان ہزاروی نے کہاکہ یہ انتہائی گھٹیا اور بزدلانہ حملہ ہے۔ اس سے جماعت کے عہدیداروں اورکارکنان کے عزائم متزلزل نہیں ہوسکتے۔ دارالسلام کے مدیر مولانا عبدالمالک مجاہد نے کہا کہ پاکستان دشمن طاقتیں وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما محمد خالد رانا نے کہا کہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ڈاکٹر سعید وینس، راشد محمود بٹ، شیخ سعید احمد، نصیر احمد، چوہدری سجاد ، مبین چوہدری اور دیگر نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی او رقیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ پاک سرزمین پارٹی کے حنیف بابر، پروفیسر ڈاکٹر مجاہد اور شمشاد علی صدیقی نے بھی حملے پر رنج و ملال کا اظہار کیا۔