لیجنڈز لیگ: مصباح الحق کی دھواں دار بیٹنگ، انڈیا مہاراجاز کو شکست
جمعہ 10 مارچ 2023 18:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اس لیگ کا پہلا ایڈیشن گزشتہ سال جنوری میں عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلا گیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق کی دھواں دار بیٹنگ کے بعد لیجنڈز لیگ میں ایشیا لائنز نے انڈیا مہاراجاز کو نو رنز سے شکست دے دی۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ ماسٹرز کے رواں سیزن کا پہلا میچ دوحہ میں کھیلا گیا۔
مصباح الحق کے مقابلے میں انڈیا کے گوتم گمبھیر نے 54 رنز کی شانداز اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
پہلے کھیلتے ہوئے ایشیا لائنز نے 165 رنز سکور کیے۔ مصباح الحق نے 50 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔
جواب میں انڈیا مہاراجاز کی ٹیم 154 رنز ہی بنا پائی۔
ایشیا لائنز کے بولر سہیل تنویر نے 27 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ ایک مرتبہ پھر شائقین کرکٹ کو ماضی کے سپر سٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
جمعے کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایشیا لائنز اور انڈیا مہاراجاز کے مابین میچ میں کرکٹ کے مداحوں نے سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی اور سابق انڈین کرکٹر گوتم گمبھیر کو ایکشن میں دیکھا۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ کیا ہے؟
لیجنڈز لیگ کرکٹ ٹی20 فارمیٹ پر مبنی ایک نجی لیگ ہے جس میں دنیا بھر کے ریٹائرڈ کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔
اس لیگ کا پہلا ایڈیشن گزشتہ سال جنوری میں عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلا گیا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں تین ٹیمیں انڈیا مہاراجاز، ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس حصہ لے رہی ہیں۔
اس لیگ میں انڈیا مہاراجاز کی کپتانی گوتم گمبھیر، ایشیا لائنز کی کپتانی شاہد آفریدی جبکہ ورلڈ جائنٹس کی کپتانی ایرون فنچ کریں گے۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ہر ٹیم دوسری ٹیم سے دو مرتبہ میچ کھیلے گی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں ایک ایلیمنیٹر میچ کھیلیں گی۔
انڈیا لائنز کا سکواڈ: گوتم گمبھیر (کپتان)، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، محمد کیف، سری سانتھ، اشوک ڈِنڈا، پراگیان اوجھا، سریش رائنا، روبن اتھاپا، پرویندر اوانا، منوندرا بسلا، ریتندر سنگھ سوڈھی، پرواین کمار، پراوین تامبے اور سٹورٹ بنی۔
ایشیا لائنز کا سکواڈ: شاہد آفریدی (کپتان)، اصغر افغان، تیلاکرتنے دلشان، مصباح الحق، محمد حفیظ، دلہارا فرنینڈو، شعیب اختر، اپل تھارنگا، پارس کھڑکا، تھسارا پریرا، عبدالرزاق، اشورو اُڈانا، محمد عامر، نوروز منگل، سہیل تنویر، عبدالرزاق اور دیمن گھوش۔
ورلڈ جائنٹس کا سکواڈ: ایرون فنچ (کپتان)، بریٹ لی، مورنے وین ویک، کرس گیل، شین واٹسن، روس ٹیلر، ریکارڈو پاوؤل، مونٹی پنیسر، کیون اوبرائن، ٹنیو بیسٹ، دینیش رام دین، جیک کیلس، ہاشم آملہ، کرسٹوفر مپوفو، لینڈل سمنز اور پاول کالنگ وُڈ۔