جدہ .... وزارت محنت کے ترجمان خالد اباالخیل نے کہا ہے کہ قانونی خلاف ورزیو ں پر وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے افرادی قوت درآمد کرنے والے 54 اداروں کوبند کر دیا ۔ عکاظ اخبار کو تفصیلات بتاتے ہوئے اباالخیل نے مزید کہا کہ جن اداروں کو بند کیا گیا ہے ان میں 14 ادارے ایسے ہیں جن کے خلاف ماضی میں بھی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی تھیں جنہیں مستقل بنیادوں پر بند کر دیا گیا جبکہ 40اداروں کو عارضی بند کیا ہے جنہیں تنبیہی نوٹس بھی جاری کئے ہیں ۔ عارضی طور پر بند کئے جانے والے اداروں کے مالکان کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ خلاف ورزیوں کے ازالہ اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد دوبارہ کھول سکتے ہیں ۔ اباالخیل نے مزید کہا کہ تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی جوگزشتہ 4 ماہ پر مشتمل تھی۔ وزارت کی جانب سے تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں ۔