اسلام آباد میں بارش، دوسرے شہروں میں بادل کب برسیں گے؟
جمعرات 16 مارچ 2023 10:18
اسلام آباد میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارش کا اغاز ہوا (فوٹو: ٹوئٹر، اسلام آباد)
اسلام آباد اور والپنڈی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جبکہ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہوائیں آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 17 مارچ تک وسطی علاقوں تک پھیل جائیں گی اور 20 مارچ تک موجود رہیں گی۔
اسلام آباد، پنجاب
اسلام آباد میں آج دن کے وقت بارش کے علاوہ شام کے وقت آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ 16 سے 20 مارچ کے درمیان مری، گلیات، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ اباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور کے علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔
اسی طرح 17 مارچ کی رات سے 19 مارچ تک کے عرصے میں فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن اور بہاولپور میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک ک ساتھ بارش بھی ہو گی جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا
16 سے 20 مارچ کے دوران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ہری پور، کرک، پشاور، کوہاٹ، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، کرم، وزیرستان، بھوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائیں چلیں گی اور بعض مقامات پر بارش بھی ہو گی۔
سندھ
سندھ میں ہوائیں 17 مارچ سے داخل ہوں اور 19 مارچ تک سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، دادو، اور کراچی میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں بھی 17 مارچ سے تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ 19 مارچ تک کوئٹہ، ژوب، خضدار، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن اور پشین میں آندھی اور گرد آلود چلنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔
جی بی، کشمیر
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بدھ کو ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق زیادہ درجہ حرارت خیرپور، سبی، روہڑی، بے نظیر آباد، دادو، رحیم یار خان اور خان میں رہا جو 37 ڈگری سینیتی گریڈ تک تھا جبکہ بدھ کو ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہا تھا تاہم اسلام آباد سمیت دوسرے صوبے کے کچھ شہروں میں شام کے وقت موسم ٹھنڈا ہو گیا تھا اور پھر رات کو بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔