انڈیا کی سیاسی جماعت کانگریس کی ترجمان شمع محمد کو کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے وزن پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کانگریس کی ترجمان شمع محمد نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر روہت شرما کے وزن پر تنقید کی، جس کے بعد حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انہیں بھرپور جواب دیا۔
مزید پڑھیں
-
’کرائے بے بی‘، روہت شرما آسٹریلوی میڈیا کا نیا شکارNode ID: 883686
-
چیمپئنز ٹرافی: انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے ہرا دیاNode ID: 886638
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور انڈیا کے میچ کے دوران شمع محمد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’روہت شرما بطور کھلاڑی موٹے ہیں۔ اُنہیں وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ انڈیا کے سب سے غیر متاثر کن کپتان رہے ہیں۔‘
اس کے جواب میں جب ایک پاکستانی صحافی نے روہت شرما کا دفاع کیا تو اُس پر شمع محمد نے کہا کہ ’وہ (روہت شرما) سابق کپتانوں گنگولی، ٹنڈولکر، ڈریوڈ، کوہلی، کپل دیو، شاستری اور دیگر کے مقابلے میں کون سے ورلڈ کلاس ہیں۔ وہ عام سے کپتان اور کھلاڑی ہیں جو خوش قسمتی سے انڈیا کے کپتان ہیں۔‘
ان بیانات کے بعد بی جے پی کے ترجمان پرادیپ بھنڈاری نے کہا کہ ’کانگریس کو شرم آنی چاہیے۔ وہ اب انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ کیا وہ اس بات کی امید لگا کر بیٹھے ہیں کہ سیاست میں ناکام ہونے کے بعد راہُل گاندھی کرکٹ کھیلیں گے؟‘
خیال رہے کہ شمع محمد کانگریس کی نیشنل ترجمان ہیں، تاہم اُن ہی کی جماعت نے اُن کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب شمع محمد نے اپنی پوسٹ پر اعتراضات آنے کے بعد پارٹی کے حکم پر ایکس سے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔
شمع محمد نے اپنی طرف بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد ایک اور بیان دیا کہ ’میں نے تو صرف اپنی رائے دی تھی۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ جمہوریت میں ہمارے پاس بولنے کی رائے کیوں نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ اُدھر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان سیمی فائنل بدھ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔