سعودی تعلیمی نصاب میں جلد شطرنج کو شامل کیا جائے گا
یہ اقدام تعلیمی عمل میں وسیع البنیاد اصلاحات کا حصہ ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
شطرنج کی سعودی آرگنائزیشن کے سربراہ عبداللہ الوحشی نے کہا ہے کہ’ سعودی تعلیم نصاب میں جلد شطرنج کو شامل کیا جائے گا‘۔
اخبار 24 کے مطابق آرگنائزیشن کے سربراہ نے کہا کہ’ سال رواں کے دوران شطرنج تعلیمی نصاب کا حصہ ہوگا ۔ متعلقہ ادارے کی جانب سے جلد اس کا اعلان کیا جائے گا‘۔
انہوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم کہا کہ ’شطرنج کا مضمون نصاب میں شامل کرنے کا بڑا فائدہ ہوگا‘۔
انہوں نے اس کی وضاحت نہیں دی کہ آیا شطرنج کا مضمون پرائمری جماعت تک محدود ہوگا یا اعلی تعلیمی اداروں کے نصاب میں بھی شطرنج کا مضمون شامل کیا جائے گا۔
تعلیمی نصاب میں شطرنج کو شامل کرنے کا اقدام تعلیمی عمل میں وسیع البنیاد اصلاحات کا حصہ ہے۔
سعودی عرب اپنے تعلیمی اداروں میں فلسفے اور تنقیدی تفکیر کے مضامین شامل کرچکا ہے تاکہ نئی نسل میں روا داری کو فروغ اور فکری آزادی کا دائرہ وسیع ہو۔