سابق وزیراعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد پولیس نے 198 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے جبکہ مختلف کارروائیوں میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مزید گرفتاریوں کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد پولیس نے پرتشدد واقعات پر تھانہ سی ٹی ڈی اور گولڑہ میں مقدمات درج کیے ہیں۔
مظاہروں میں شامل شرپسندوں کے پتھراؤ، جلاؤ گھیراؤ سے پولیس کے 58 افسران و جوان زخمی ہوئے۔ جلاؤ گھیراؤ میں پولیس کی 4 گاڑیاں جل گئیں، 9 گاڑیاں توڑیں جبکہ 25 موٹر سائیکل جلائے گئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور
دوسری جانب عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس پر حملے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں اسدعمر، راجہ خرم، علی نواز، مرادسعید، شہزادوسیم اور زلفی بخاری، اسد قیصر، عامرکیانی، عمرایوب، حماداظہر، فرخ حبیب، محمد عاصم اور حسان نیازی کی عبوری ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔
ملزمان کی عبوری ضمانت 3 اپریل تک 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہیں۔
پیر کی صبح انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے دو ہفتوں کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ ان میں ان ملزمان کی ضمانت بھی شامل ہے جن کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جج نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ ’دو ہفتوں کی عبوری ضمانت اس لیے دے رہے ہیں تاکہ شیلنگ سے بچا جائے اور روزے سکون سے رکھے جائیں۔ اس بار تو پولیس نے آپ پر ڈکیتی کی دفعہ بھی لگا دی ہے۔‘
پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے مختلف کارروائیوں میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 198 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 20, 2023