Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور امارات میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، جمعرات کو پہلا روزہ

حوطہ سدیر اور تمیر رصد گاہوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں منگل 21 مارچ کو کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا۔ بدھ 22 مارچ کو شعبان کی  30 تاریخ اور جمعرات کو یکم رمضان ہے۔ 
عاجل اور سبق کے مطابق ریاض ریجن میں حوطہ سدیر اور تمیر رصد گاہوں نے اعلان کیا کہ منگل کو چاند نظر نہیں آیا۔ 
سعودی ایوان شاہی نے بیان میں کہا کہ ’رمضان کا پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ  2023 کو ہوگا‘۔  
 ایس پی اے کے مطابق سپریم کورٹ نے رپورٹ دی ہے کہ’ منگل  21 مارچ کو چاند نظر نہیں آیا۔ بدھ  22 مارچ کو شعبان کی 30 تاریخ ہوگی اور یکم رمضان جمعرات کو ہوگا‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں موجود تمام مسلمانوں سے اپیل  کی تھی کہ وہ منگل 21 مارچ کی شام کو چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔ جسے بھی دوربین یا سادہ طریقے سے چاند نظر آجائے تو قریب ترین عدالت میں شہادت قلمبند کرائی جائے۔  
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ منگل 21 مارچ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ جمعرات 23 مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔
قبل ازیں فلکی علوم کے ماہر اور مقامی رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبد اللہ الخضیری نے کہا تھا منگل کو سورج غروب ہونے سے پہلے ہلال  ڈوب جائے گا۔
ان کے مطابق ’ منگل کو بیشتر اسلامی ممالک میں آج چاند دیکھنے کا امکان نہیں تھا‘۔

شیئر: