Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دعا ہے اس سال رمضان امت مسلمہ کے لیے امید اور سلامتی کی خوشخبری لائے‘

اجلاس میں ملک میں رونما ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں کا جاائزہ لیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان کی آمد پر سعودی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے دعا کی’اس سال رمضان اپنے دامن میں امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انسانوں کے لیے امید اور سلامتی کی خوشخبری لے کر آئے‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان کا پیغام منگل کو ریاض کے عرقہ محل میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں ملک میں رونما ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں کا جاائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے بین الاقوامی ایجنسیوں کی رپورٹوں کو سعودی عرب میں اصلاحات کے موثر ہونے کا آئینہ دار قرار دیا۔
اجلاس میں 1982 کے سمندری قانون کے حوالے سے اقوام متحدہ کے معاہدے میں شمولیت ،برطانیہ کے ساتھ صنعتی حکمت عملی اور توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق عزائم کے اعلان کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے وزیر صنعت و معدنیات کو برطانیہ کے ساتھ مذاکرات اورعزائم کے اعلان پر دستخط کا اختیات تفویض کیا ہے۔
اجلاس میں عسکری صنعتوں کے قومی ادارے، تجدد پذیراورایٹمی توانائی کنگ عبداللہ سٹی نیز سعودی ایکسپورٹ امپورٹ بینک، فروغ املاک فنڈ،  پیشہ ورانہ تعلیمی عمل کو جدید خطوط پراستوارکرنےوالے قومی مرکز اور المسار سپورٹس فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹوں کا جائزہ لیا۔ 
کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زلزلے زدگان کے مسائل حل کرنے کے لیے سعودی عرب شام اور ترکیہ کی مدد جاری رکھے گا۔ 
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا کہ اجلاس میں متعدد ممالک کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ سعودی قیادت کی ملاقاتوں اور مذاکرات کے حوالے  سے رپورٹ پیش کی گئی۔

کابینہ نے اجلاس کے دوران بارہ قراردادیں منظورکی ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)

 کابینہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دوطرفہ ملاقاتوں، مذاکرات سے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے مواقع ملتے ہیں اور ان کی بدولت سعودی عرب کا علاقائی و بین الاقوامی کردار مضبوطی کے ساتھ سامنےآتا ہے۔ 
کابینہ نے اجلاس کے دوران بارہ قراردادیں منظورکی ہیں۔
میکسیکو کے ساتھ ثقافت کےشعبے میں تعاون ، چین کے ساتھ ڈیجیٹیل اکانومی میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، جنوبی افریقہ کے ساتھ مشترکہ انویسٹمنٹ فنڈ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت اور جہازرانی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے صومالیہ کے ساتھ اسلامی امورکے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر اسلامی امور، پولینڈ کے ساتھ فضائی خدمات کے معاہدے کا اختیار وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات کو تفویض کیا۔ 
 تاجکستان کے ساتھ دہشت گردی، اس کی فنڈنگ، منی لانڈرنگ اور متعلقہ جرائم کے انسداد کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی۔

شیئر: