Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رمضان میں عمرہ زائرین پرمٹ کی پابندی اور ماسک کا اہتمام کریں‘

امراض سے بچاؤ کے ضوابط، مسجد الحرام میں ابھی تک موثر ہیں (فوٹو:ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے عمرہ زائرین سے اپیل کی  ہے کہ ’وہ مسجد الحرام میں داخلے کے دوران ماسک کا اہتمام کریں‘۔
عاجل اور اخبار 24  کے مطابق محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر نے منگل کو مکہ مکرمہ میں عمرہ سیکیورٹی فورس کمانڈ کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ’ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی ٹرانسپورٹ اور امن و سلامتی برقرار رکھنے کے سلسلے میں سیکیورٹی فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ امراض سے بچاؤ کے ضوابط، مسجد الحرام میں ابھی تک موثر ہیں۔ تمام زائرین  مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلے کے موقع پر متعدی امراض سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں۔ مسجد الحرام میں گنجائش ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو پرمٹ مل سکتے ہیں‘۔ 
 ’زائرین عمرہ پرمٹ کی پابندی کریں۔ انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے اس کا اہتمام ضروری ہے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کیا جارہا ہے‘۔
’ مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص ہے۔ مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے استعمال ہوگی۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’طواف کے لیے چھت کا سامنے والا حصہ مختص کیا جاسکتا ہے‘۔  
محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’مسجد الحرام میں آمد ورفت کے عمل  کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے روٹس کی تنظیم نو کی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلی بار سرکلر روڈ ون بھرپور طریقے سے استعمال ہوگا۔ رمضان کے پہلے روزے سے عمرہ سیکیورٹی سکیموں پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا‘۔ 
محمد البسامی نےمزید کہا کہ’ محکمہ شہری دفاع نے رجب اور شعبان کے مہینوں میں ہوٹلوں، فرنشڈ اپارٹمنٹس اور رہائشی عمارتوں کے تفتیشی دورے کرکے سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے اطمینان حاصل کرلیا ۔ سلامتی ضوابط کی پابندی کی جارہی ہے‘۔ 

شیئر: