امارات سے جعلی ویزے پر یورپ جانے کی کوشش ناکام، عرب شہری کو سزا
ایمریٹس کے عملے کو پاسپورٹ پر جعلی ویزے کا شبہ ہوگیا تھا (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کورٹ نے ایک عرب شہری کو جعلسازی اور جعلی ویزے کے استعمال پر ایک ماہ قید کی سزا اور امارات سے بے دخلی کا حکم دیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی ایئرپورٹ پر ایمریٹس کے عملے کو عرب شہری کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے کا شبہ ہوگیا تھا۔
شبے کی بنیاد پر عرب شہری کو روک کر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا جس کے بعد کیس کورٹ بھیج دیا گیا۔
عرب شہری نے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں پوچھ گچھ کے دوران دعوی کیا تھا کہ اسے ویزے کے جعلی ہونے کا علم نہیں تھا۔
اپنے وطن کے ایک شہری کی مدد سے دو ہزار ڈالر فیس دے کر ویزا لگوایا تھا۔ ویزے کی سلپ اسے ڈاک کے ذریعے ملی تھی جسے اس نے پاسپورٹ پر چسپاں کرلیا۔
عرب شہری دبئی ایئرپورٹ سے ترکی جارہا تھا جہاں سے اسے فرانس کا سفر کرنا تھا۔ بورڈنگ پاس کے لیے جب اس نے پاسپورٹ ایمریٹس کے عملے کے حوالے کیا تو جعلی ویزے کے شبے میں اسے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔