دبئی کی پبلک ٹرانسپورٹ میں بچے تنہا سفر کرسکتے ہیں؟
دبئی پبلک ٹرانسپورٹ اس کے لیے متعدد ضابطے مقرر کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ’پبلک ٹرانسپورٹ میں 8 برس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا سفر کی اجازت نہیں۔‘
الامارات الیوم کے مطابق آٹھ سے 11 برس تک کے بچے پبلک ٹرانسپورٹ تنہا استعمال کرسکتے ہیں بشرطیکہ ان کے پاس والدین میں سے کسی ایک کا اجازت نامہ موجود ہو۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی دبئی کا کہنا ہے کہ بچوں کی سلامتی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں، سٹیشنوں کے اہلکاروں اور رشتہ داروں کو مل جل کر بچوں کی سلامتی کا دھیان رکھنا ہوتا ہے۔
دبئی پبلک ٹرانسپورٹ اس کے لیے متعدد ضابطے مقرر کیے ہیں۔
’نول کارڈ‘ میں کم از کم بیلنس 7.50 درہم ضروری ہے۔ علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو منظم کرنے والے قواعد و ضوابط کی پابندی بھی لازمی ہے۔
دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کار سے متعلق آن لائن معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی کی ویب سائٹ اور رابطہ سینٹر ’سھیل‘ سے رابطہ کرکے بسوں اور میٹرو کے اوقات معلوم کیے جاسکتے ہیں۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں