عسیر میں 13 صدی پرانی مسجد کی تعمیرنو کا منصوبہ
جمعرات 30 مارچ 2023 23:30
مسجد المسقی 73 ہجری میں تعمیرکی گئی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں تاریخی مساجد کی تعمیر نو، تزئین اور اصلاح و مرمت سے متعلق امیر محمد بن سلمان منصوبے کے تحت عسیر ریجن میں 1300 برس پرانی ’المسقی مسجد‘ کو قدیم طرز تعمیر کے مطابق ازسر نو تعمیر کیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق المسقی مسجد ابہا شہر کے جنوب مشرق میں واقع المسقی قریے میں ہے۔ یہ 73 سے 75 ھ کے درمیان تعمیر کی گئی تھی۔ عسیر ریجن کی قدیم ترین تاریخی مساجد میں سے ایک ہے۔
المسقی مسجد کا نقشہ السراۃ طرز تعمیر کے مطابق ہے۔ یہ 405.72 مربع میٹر کے رقبے میں بنی ہے۔ مسجد میں 156افراد بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ گزشتہ دو برس سے غیر آباد ہے۔ آخری بار اسے 47 سال قبل 1397 ھجری میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اب اسے پرانے نقشے کے مطابق اسی انداز سے تعمیر کیا جائے گا جس شکل میں یہ پہلے بنی ہوئی تھی۔
المسقی مسجد کی انفرادیت یہ ہےکہ اس کی تعمیر میں مٹی کی اینٹیں استعمال ہوئی ہیں۔عام طور پر بالائی مقامات پر تعمیر کی جانے والی عمارتوں میں اسی قسم کے پتھر استعمال کیےجاتے رہے ہیں۔ اس طرز تعمیر کے مطابق بنائی جانے والی مساجد کے مینارے بھی منفرد شکل کے ہوتے ہیں۔ السراۃ طرز تعمیر کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس کی وجہ سے عمارتیں موسمیاتی اثرات سے محفوظ رہتی ہیں۔
المسقی مسجد کو امیر محمد بن سلمان منصوبے کے دوسرے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت مملکت کے تیرہ علاقوں کی 30 تاریخی مساجد کی تعمیر نو ہوگی۔ ان میں سے 3 کا تعلق عسیر ریجن سے ہے۔