سعودی ڈاکٹروں نے بروقت علاج کر کے نئی زندگی دی: عراقی زائر
عراقی زائر نے سعودی حکومت، سرکاری ہسپتال اور اس کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ ( فوٹو: سبق)
ایک عراقی عمرہ زائر نے کہا ہے کہ کنگ سلمان سپیشلسٹ ہسپتال کے سعودی ڈاکٹروں نے بروقت علاج فراہم کر کے ان کو نئی زندگی دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عراقی شہری عماد الدین العباس کو حائل سے سو کلو میٹر جنوب میں الغزالہ کمشنری کے قریب دل کا دورہ پڑا۔
فوری طور پر انہیں الغزالہ جنرل ہسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد عراقی شہری کو حائل کے کنگ سلمان سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سٹنٹ ڈال کر ان کی شریانوں میں دوران خون کا نظام بہتر کر دیا۔
ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق سالم نے بتایا کہ ’عراقی زائر کے معائنے سے پتہ چلا کہ بائیں شریان 99 فیصد بلاک ہو چکی ہے فوری طور پر انجیوپلاسٹی کی گئی۔‘
عراقی زائر نے سعودی حکومت، سرکاری ہسپتال اور اس کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹروں نےعراقی زائر کو مکہ مکرمہ جانے کے لیے سفر کی اجازت دے دی ہے۔