سعودی عرب میں متاثر کن صحرائی قلعوں میں سے ایک المعظم قلعہ
سعودی عرب میں متاثر کن صحرائی قلعوں میں سے ایک المعظم قلعہ
منگل 4 اپریل 2023 17:08
یہ قدیم عمارت عازمین کو درکار سہولیات اور خدمات فراہم کرتی رہی ہے۔ فوٹو ہیریٹیج کمیشن
سعودی عرب کے تبوک ریجن کا دورہ کرتے ہوئے جنوب مشرق کی جانب موجود المعظم قلعہ ہے جو اس علاقے میں انتہائی قدیم عمارت ہے اور اسلامی فن تعمیر کی عکاسی کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ قدیم عمارت عازمین حج و عمرہ اور مدینہ منورہ جانے والے زائرین کو درکار سہولیات اور خدمات فراہم کرتی رہی ہے۔
اسلامی فن تعمیر کا شاہکار المعظم قلعہ 1031 ہجری (1622عیسوی) میں زائرین اور عمرہ کی غرض سے آنے والے مسلمانوں کے آرام و راحت کے مقام کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
یہ قلعہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے سفر کے راستے کو محفوظ بنانے کے لیے فوجی بیرکوں کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔
العمظم قلعے کا کل رقبہ دس ہزار مربع میٹر ہے اور اس کی دیواریں جو مستطیل شکل میں بنائی گئی تھیں چار صدیوں سے زیادہ عرصے کی یادیں اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔
قلعہ المعظم کے وسط میں ایک بڑا صحن ہے اس کے علاوہ کمروں میں سے دوسری منزل کی جانب سیڑھیوں کا راستہ ہے
قلعہ کی تعمیر کے لیے بڑے بڑے پتھروں کو تراش کر استعمال کیا گیا ہے، پتھروں کی مدد سے دو منزلیں، اندرونی راہداری کے علاوہ اونچی حفاظتی دیوار بنائی گئی ہے جو تاحال موجود ہے۔
المعظم قلعہ کے مخصوص بڑے داخلی دروازے کے اوپر ایک محراب اور دفاعی لحاظ سے سامنے کی دیوار میں روشن دان کا سوراخ نظر آتا ہے۔
حفاظتی اصولوں کے پیش نظر قلعے کے دیواروں میں چاروں طرف کوئی کھڑکی نہیں ہے جب کہ چھوٹے چھوٹے سوراخ بنائے گئے ہیں جو دفاع کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
قلعے میں ایک تالاب ہے جہاں بارش کا پانی محفوظ کیا جاتا تھا اس کے علاوہ یہاں حجاز ریلوے سٹیشن کے آثار پائے جاتے ہیں۔
قلعہ کی تعمیر میں خوبصورتی قائم رکھنے کے لیے سرخی مائل پیلے رنگ کے نقش و نگار کے آثار بھی ملتے ہیں۔
دنیا کے معروف سیاحوں نے اس قلعے تک کا سفر کیا ہے جن میں 1301 ہجری (1884 عیسوی) میں جرمنی کے جولیس اوٹنگ بھی شامل تھے اور ان کے ساتھ فرانس کے چارلس ہوبر بھی تھے۔
ان دونوں سیاحوں کے سفر کو دستاویزی شکل میں محفوظ کرنے کے لیے 'جزیرہ نما عرب میں ایک سفر' نامی کتاب شائع کی گئی تھی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں