انڈیا میں ڈرائیور نے گیم سے ڈیڑھ کروڑ روپے کما لیے
منگل 4 اپریل 2023 20:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شہاب الدین منصوری پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہیں اور کرائے کے گھر میں رہتے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مسلمان ڈرائیور ایک آن لائن کرکٹ گیم پر 49 روپے خرچ کرکے ڈیڑھ کروڑ روپے جیت گیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع بروانی میں شہاب الدین منصوری نامی ڈرائیور نے آن لائن فینٹسی کرکٹ لیگ میں 49 روپے والی کیٹیگری میں ایک ورچوئل ٹیم تشکیل دی اور وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
شہاب الدین منصوری نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کلکتہ نائٹ رائڈرز اور کنگز ایلون پنجاب میچ کے دوران یہ انعام جیتا۔
مسلمان ڈرائیور کے مطابق وہ پچھلے دو سالوں سے اس آن لائن گیم پر اپنی قسمت آزما رہے تھے۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق شہاب الدین نے انعامی رقم میں سے 20 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کیے ہیں جس میں سے چھ لاکھ روپے ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جائیں گے۔
شہاب الدین منصوری مدھیہ پردیش میں ایک کرائے کے گھر میں رہتے ہیں اور انعامی رقم سے اپنا گھر بنانے چاہتے ہیں اور باقی رقم سے وہ اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔