نجران کی تاریخی مسجد کو اصل شکل میں تعمیر کیا جائے گا
مسجد الزبیر بن العوام میں ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ (فوٹو المواطن)
سعودی عرب میں تاریخی مساجد کی تعمیر نو، تزئین اور اصلاح و مرمت سے متعلق امیر محمد بن سلمان منصوبے کے دوسرے مرحلے میں نجران کی تاریخی مسجد الزبیر بن العوام کو بحال کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الزبیر بن العوام کی تجدید غیر روایتی طریقے سے شروع کی گئی تھی۔ اس کی تعمیر نو میں ایسا تعمیراتی سامان اور طرز تعمیر اختیار کیا گیا تھا جس سے اس کی اصل شکل و صورت متاثر ہوگئی تھی۔
امیر محمد بن سلمان منصوبے کے تحت الزبیر بن العوام مسجد کو نجران کے تاریخی طرز کے مطابق اسی انداز اور اسی تعمیراتی سامان کے ذریعے بنایا جائے گا جو اس کی پہچان تھی۔
مسجد الزبیر بن العوام 1966میں 1436 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کی گئی تھی۔ اس میں ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔
امیر محمد بن سلمان منصوبے کے تحت اس کی تعمیر نو میں کھجور کے درخت کی چھال اور کیکر کے درخت سے تیار کردہ لکڑیاں استعمال کی جائیں گی۔
مسجد الزبیر بن العوام نجران شہر کے قدیم عوامی بازار کی پہلی جامع مسجد مانی جاتی ہے۔ اس کا مینارہ منفرد شکل کا ہے۔ اندر سے سیڑھیاں بنی ہوئی ہیں اور روشندان ہے۔
امیر محمد بن سلمان منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مملکت کے 13 علاقوں کی 30 مساجد کی تزئین، تعمیر نو اور اصلاح و مرمت کی جائے گی۔ ان میں سے ایک کا تعلق نجران سے ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں