حدود الشمالیہ میں قدیم مسجد کی تعمیرنو
جمعرات 6 اپریل 2023 23:15
الدوید مسجد 60 برس قبل تک تاجروں کی آماجگاہ ہوا کرتی تھی(فوٹو، ایس پی اے)
حدود شمالیہ ریجن کی الدوید تاریخی مسجد امیر محمد بن سلمان منصوبے کے تحت ازسرنو تعمیر ہوگی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے کے تحت مملکت بھر میں تاریخی مساجد کی تجدید، تعمیر نو،اصلاح و مرمت اور تزئین کرائی جارہی ہے۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے دوسرے مرحلے کے تحت مملکت کے 13علاقوں کی 30 مساجد پر کام ہوگا۔ اس میں حدود شمالیہ کی ایک مسجد شامل ہے۔
الدوید مسجد 60 برس قبل تک نجد اور عراق کے تاجروں کی آماجگاہ ہوا کرتی تھی۔ الدوید نامی قریے سے تاجر گزرتے تھے تو وہ یہاں ڈیرہ ڈالتے تھے۔ یہاں ’المشاھپدۃ‘ مارکیٹ ہوا کرتی تھی۔ یہ رفحا کمشنری سے تقریبا بیس کلو میٹر دور واقع تھی۔ اس کے نشانات اب بھی پائےجاتے ہیں۔
مسجد الدوید نجدی طرز تعمیر کے مطابق بنائی گئی تھی۔ تجدید سے قبل اس کا رقبہ 137.5 مربع میٹر تھا۔ توسیع کے بعد اس کا رقبہ 156.01 مربع میٹر ہوجائے گا۔ جس میں 54 افراد بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔ یہاں کئی سال سے نماز بند ہے۔
مسجد الدوید کی تعمیر سادہ مقامی اشیا سے ہوگی۔ اس کے نجدی طرز تعمیر کو برقرار رکھاجائے گا۔ اس کی خوبی یہ ہے کہ صحرا کے گرم موسم کے دوران حراررت کو جذب کرلیتی ہے۔
مسجد الدوید کی تعمیر میں چھوٹے چوکور روشندان ایک خاص ترتیب سے بنائے جائیں گے جو پہلے بھی اس میں موجود تھے۔ اس کافائدہ یہ ہوگا کہ دھوپ کی تمازت نکلتی رہے گی اور ٹھنڈی ہوا کم مقدار میں اندر آئے گی جس سے مسجد کا موسم متوازن رہے گا۔