Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی رہنما سے مذاکرات، سعودی اور عمانی وفود کی یمن آمد

یمن میں حکومت مخالف حوثیوں کی سیاسی کونسل کے سربراہ سے مذاکرات کے لیے سعودی عرب اور عمان کے وفود دارالحکومت صنعا پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حوثیوں کی نیوز ایجنسی صبا نے حوثی صدارتی کونسل کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مذاکرات میں عمان و سعودی وفود اور حوثی رہنما مہدی المشاط سے ’محاصرے کے تمام تر اثرات کو ختم کرنے، جارحیت کے خاتمے اور یمن کے عوام کے حقوق کی بحالی جس میں تیل اور گیس کی آمدنی، حکومت کے ملازمین کی تنخواہیں شامل ہیں‘، پر بات چیت کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وفد کی یمن آفد چین کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کرانے کے ٹھیک ایک ماہ بعد ہوئی ہے۔
گذشتہ جمعرات کو سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے خطے میں استحکام اور سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کام کرنے کا عزم دہرایا۔
عمانی ثالثیں سنیچر کو یمن کے دارالحکومت صنعا پہنچے تھے۔
حوثی باغیوں نے صنعا پر 2014 میں قبضہ کیا تھا جس کے بعد ان کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت، جس کو عرب اتحاد کی سرپرستی حاصل تھی، کے ساتھ تقریباً ایک دہائی پر محیط جنگ کی شروعات ہوئی تھی۔
تقریبا ایک سال قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد یمن میں جنگ و جدل میں کمی آئی ہے اور جنگ بندی معاہدے پر دونوں فریقین کی جانب سے عمل درآمد جاری ہے۔ گوکہ معاہدہ کی معیاد گزشتہ اکتوبر کو ختم ہوگئی ہے۔

شیئر: