دبئی ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد
متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بلڈنگ 2 کے کسٹم انسپکٹرز نے 880 گرام ہیروئن کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
ہیروئن لیپ ٹاپ کے خفیہ خانوں اور جوتے کی ایڑی میں انتہائی مہارت سے چھپا کر سمگل کی جارہی تھی۔
الامارات الیوم کے مطابق پیسینجر آپریشن سیکشن کے انچارج ابراہیم الکمالی نے بتایا کہ ’دبئی کسٹم اہلکار ممنوعہ اشیا کی سمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔ کسٹم اہلکار اعلی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ کسٹم انسپکٹرز سو فیصد مقامی شہری ہیں۔ انہیں معائنے کے لیے جدید ترقی یافتہ آلات فراہم کیے گئے ہیں‘۔
ابراہیم الکمالی نے کہا کہ’ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے ایک مشتبہ مسافر کی تلاشی لی گئی تواس کے لیپ ٹاپ کے خفیہ حصوں اور جوتے کی ایڑی سے ہیروئن برآمد ہوئی‘۔